کتاب: جھوٹی بشارتیں - صفحہ 31
5)اس وصیت نامہ میں جواعمال کی جزا و سزا بیان کی گئی ہے وہ غیر متناسب ہے جو اس وصیت نامہ کے جھوٹا ہونے کی واضح دلیل ہے۔اسکے علاوہ اس میں اور بھی بہت سے جھوٹ ہیں ۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ اس وصیت نامہ سے بچیں اور اسے ختم کرنے کی کوشش کریں ۔ اللجنۃ الدائمۃ للبحوث العلمیۃ والافتاء[1] ٭ صدر: عبدالعزیز بن عبداللہ بن باز ٭نائب صدر:عبدالرزاق بن عفیفی ٭رکن:عبداللہ بن قعود ٭رکن:عبداللہ بن غدیان فتوی اللجنۃ الدائمۃ للبحوث العلمیۃ والافتاء سوال:ہمیں اکثر عجیب وغریب پیغام ملتے رہتے ہیں مثلا دنیا ختم ہونے والی ہے اور ہمیں فلاں فلاں چیز کا صدقہ کرنا چاہیے۔تو کیا ہمیں یہ صدقے آخرت کے عذاب سے بچا لیں گے؟یا کیا یہ صدقے قیامت کو آنے سے روک دیں گے؟۔ چند دن پہلے سنیگال سے فرانسیسی زبان میں لکھا ہوا ایک پیغام آیا کہ: ’’امام مسجد نبوی شیخ احمد نے جمعہ کے دن قرآن پڑھنے کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا انہوں نے فرمایا:’’کہ اس ہفتے 1,60,000بندے وفات پاگئے وہ سب زکوۃ اور صدقہ نہ دینے کی وجہ سے ‘عورتیں اپنے شوہروں کی نافرمانی کی وجہ سے ،بچے اپنے والدین کی نافرمانی کی وجہ سے جنت میں داخل نہیں ہوں گے مسلمان اللہ تعالیٰ کو بھول چکے ہیں اور وہ حج بھی نہیں کرتے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی کہا کہ قیامت بہت قریب ہے۔بخشش کا دروازہ بند ہو چکا ہے ۔دنیا ختم ہو رہی ہے اس لیے ایک مہینے تک پیر کا روزہ رکھنا چاہیے اور قرآن پڑھنا چاہیے کیونکہ قرآن آسمان کی طرف اٹھا لیا جائے گااور فرمایا کہ قیامت کے دن سب ستاروں سے مختلف ایک ستارہ ظاہر ہو گا اور سورج آسمان میں رک جائے گا ‘اور پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ:’’ یہ پیغام سب مسلمانو ں تک پہنچایا جائے۔پیغام پہنچانے والے کواللہ تعالیٰ مالا مال کر دے گا ‘اگر قرض دار ہو گا تو قرض ادا ہو جائے گا اور وہ قیامت کے دن نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہو گا۔ جس کسی نے یہ پیغام پہنچا دیا ہے تو خوشی کی نیند سوئے اور موت کی تمنا کرے۔‘‘ میراسوال یہ ہے کہ کیا جنت بغیر کوششوں کے حاصل ہو سکتی ہے؟اور کیا جنت اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کے بغیر حاصل کی جاسکتی ہے؟ اور کہا جاتا ہے کہ جس نے بھی اس پیغام کو سنا اور آگے نہ پہنچایا وہ فقیری کی حالت میں مقروض ہو کر زندگی گزارے گا اور اسکی موت منافقوں کے ساتھ ہو گی اور وہ جہنمی ہو گا۔
[1] [فتوی نمبر 999] ۷/۷۴۔