کتاب: جھوٹ کی سنگینی اور اس کی اقسام - صفحہ 54
(۹) جھوٹ کا گناہوں اور جہنم کی طرف لے جانا جھوٹ اپنے بولنے والے کو راہِ حق سے ہٹا کر گناہوں کی طرف مائل کرتا رہتا ہے۔ یہاں تک کہ اس کو جہنم میں پہنچا دیتا ہے۔ اس بارے میں چار دلائل ذیل میں ملاحظہ فرمائیے: ا: امام بخاری اور امام مسلم نے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے ، اور انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت نقل کی ہے، کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’ إِنَّ الصِّدْقَ یَھْدِيْ إِلَی الْبِرِّ ، وَإِنَّ الْبِرَّ یَھْدِيْ إِلَی الْجَنَّۃِ، وَإِنَّ الرَّجُلَ لَیَصْدُقُ حَتَّی یَکُوْنَ صِدِّیْقًا۔ وَإِنَّ الْکِذْبَ یَھْدِيْ إِلَی الْفُجُوْرِ ، وَإِنَّ الْفُجُْوْرَ یَھْدِيْ إِلَی الْنَّارِ۔ وَإِنَّ الرَّجُلَ لَیَکْذِبُ حَتَّی یُکْتَبَ عِنْدَ اللّٰہِ کَذَّابًا۔‘‘ [1] ’’بلا شبہ سچ نیکی کی طرف راہ نمائی کرتا ہے ، اور نیکی جنت کی راہ دکھاتی ہے ، اور یقینا آدمی سچ بولتا[رہتا] ہے، یہاں تک کہ وہ صدیق بن جاتا ہے۔ [2] جھوٹ بلا شبہ بُرائی کی راہ دکھاتا ہے ا ور بُرائی جہنم کی طرف لے جاتی ہے اور یقینا آدمی جھوٹ بولتا[رہتا] ہے، یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں بہت بڑا جھوٹا لکھا جاتا ہے۔‘‘
[1] متفق علیہ: صحیح البخاري، کتاب الأدب، باب قول اللّٰه تعالیٰ {یٰٓأَیُّھَا الَّذِیْنَ آمَنُوا اتَّقُوا اللّٰہَ وَکُوْنُوْا معَ الصَّادِقِیْنَ۔}، وَما ینھی عن الکذب ، رقم الحدیث ۶۰۹۴،۱۰؍۵۰۷؛ وصحیح مسلم ، کتاب البر والصلۃ والآداب ، باب قبح الکذب وحسن الصدق وفضلہ، رقم الحدیث ۱۰۳(۲۶۰۷)؛ ۴؍۲۰۱۲۔۲۰۱۳۔ [2] یعنی [بہت زیادہ سچ بولنے والا] کے عظیم لقب کا مستحق قرار پاتا ہے۔