کتاب: جھوٹ کی سنگینی اور اس کی اقسام - صفحہ 50
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کی ہے ، کہ انہوں نے بیان کیا ، کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
’’ مَنْ لَمْ یَدَعْ قَوْلَ الزُّوْرِ وَالْعَمَلَ بِہٖ فَلَیْسَ لِلّٰہِ حَاجَۃٌ فِيْ أَنْ یَّدَعَ طَعَامَہُ وَشَرَابَہُ۔‘‘ [1]
’’جس نے جھوٹ اور اس کے مطابق عمل کو ترک نہ کیا ،تو اللہ تعالیٰ کو اس کے طعام و شراب [کھانا پینا]چھوڑنے کی چنداں حاجت نہیں ۔‘‘
اس حدیث شریف میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اُمت کو تنبیہ فرمائی ، کہ اللہ تعالیٰ جھوٹ اور اس کے مطابق عمل کرنے والے شخص کا روزہ قبول نہیں فرماتے۔ علامہ ابن منیِّر شرح حدیث میں تحریر کرتے ہیں : [فَلَیْسَ لِلّٰہِ حَاجَۃٌ فِيْ أَنْ یَدَعَ طَعَامَہُ وَشَرَابَہ] ۔ ا س میں روزے کی عدم قبولیت کی طرف اشارہ ہے اور مقصود یہ ہے ، کہ اللہ تعالیٰ جھوٹ والے روزے کو مسترد فرما دیتے ہیں اور اس کو قبول نہیں فرماتے۔‘‘ [2]
قاضی عیاض نے اس بات کی حکمت بیان کرتے ہوئے لکھا ہے: روزے کا مقصود شہوت کو توڑنا اور نفس امارہ کو نفس مطمئنہ کا تابع بنانا ہے، اور جب اس سے یہ مقصد پورا نہ ہو ، تو اللہ تعالیٰ اس کی پروا کرتے ہیں اور نہ اس کی طرف نظر عنایت فرماتے ہیں ۔ [اللہ تعالیٰ کو اس کی کچھ حاجت نہیں ] سے مراد اس کی طرف نظر عنایت نہ فرمانا اور قبول نہ کرنا ہے۔
وہ اس کی جانب نظر شفقت کیوں کر فرمائیں ، جب کہ صورتِ حال یہ ہے ،
[1] صحیح البخاري،کتاب الصوم، باب من لم یدع قول الزور والعمل بہ في الصوم، رقم الحدیث ۱۹۰۳، ۴؍۱۱۶۔
[2] ملاحظہ ہو: فتح الباري ۴؍۱۱۷؛ نیز دیکھیے: عمدۃ القاري ۱۰؍۲۷۶؛ وشرح الطیبي ۵؍۱۵۹۰۔