کتاب: جھوٹ کی سنگینی اور اس کی اقسام - صفحہ 144
ان میں سے ہر ایک سزا کس قدر سنگین اور عبرت ناک ہے!
اللہ تعالیٰ بے گناہوں پر تہمت لگانے سے ہمیں محفوظ رکھیں ۔آمین۔
۲: پاک دامن عورتوں پر بہتان :
تہمت کی ایک بد ترین صورت بھولی بھالی پاک دامن ایمان والی عورتوں پر بہتان باندھنا ہے۔ اس بار ے میں وارد شدہ نصوص میں سے تین درج ذیل ہیں :
ا۔ایک مہلک گناہ:
امام بخاری اور امام مسلم نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کے حوالے سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت نقل کی ہے ، کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’ اِجْتَنِبُوْاالسَّبْعَ الْمُوبِقَاتِ۔‘‘
’’سات ہلاک کرنے والے [گناہوں ] سے بچو۔‘‘
انہوں [صحابہ] نے عرض کیا:’’یا رسول اللہ! وہ کون سے ہیں ؟‘‘
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’ الشِّرْکُ بِاللِّٰہ، والسِّحْرُ، وَقَتْلُ النَّفْسِ الَّتِيْ حَرَّمَ اللّٰہُ إِلاَّ بِالْحَقِّ ، وَأَکْلُ الرِِّبَا، وَأَکْلُ مَالِ الْیَتِیْمِ ، وَالتَّوَلِّيْ یَوْمَ الزَّحْفِ، وَقَذْفُ الْمُحْصَنَاتِ الْمُوْمِنَاتِ الْغَافِلَاتِ۔‘‘ [1]
’’اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کرنا ، جادو ، اللہ تعالیٰ کی طرف سے حرام کردہ جان کا قتل ناحق، سود کھانا ، یتیم کا مال ہڑپ کرنا، جنگ کے دن فرار ہونا، بھولی بھالی پاک دامن ایمان والی عورتوں پر بہتان باندھنا۔‘‘
[1] متفق علیہ: صحیح البخاري، کتاب الحدود، باب رمي المحصنات، رقم الحدیث ۶۸۵۷، ۱۲؍۱۸۱؛ وصحیح مسلم ، کتاب الإیمان، باب بیان الکبائر وأکبرھا، رقم الحدیث ۱۴۵۔(۸۹)، ۱؍۹۲۔ الفاظِ حدیث صحیح البخاری کے ہیں۔