کتاب: جنت و جہنم کے نظارے - صفحہ 266
جو لوگ آسانی میں اور سختی کے موقع پر بھی اللہ کے راستے میں خرچ کرتے ہیں ‘ غصہ پینے والے اور لوگوں سے درگزر کرنے والے ہیں ‘ اللہ تعالیٰ ان نیکو کاروں سے محبت کرتا ہے۔ ساری مخلوق حتیٰ کہ کافروں کے ساتھ بھی تمام معاملات میں عدل و انصاف کرنا، کھانا کھلانا، سلام عام کرنا، جب لوگ نیند کی آغوش میں ہوں تو راتوں کو (نفل) نماز پڑھنا، اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا، اللہ کی طرف دعوت دینا، اللہ عزوجل، اس کے رسول، اس کی کتاب، مسلمانوں کے ائمہ اور عام مسلمانوں کے لئے خیر خواہی کرنا، یہ اور اسی قسم کے دیگر بہت سارے اعمال جنتیوں کے اعمال ہیں ،بندہ اللہ کی توفیق سے ان (مذکورہ) اعمال کی بنیاد پر نعمتوں بھری جنت میں داخل ہوتا ہے، جو کہ عظیم کامیابی ہے۔[1]
[1] ان (مذکورہ) اعمال میں سے بیشتراعمال‘ جنتیوں اور جہنمیوں کے اعمال کے سلسلہ میں کئے گئے سوال پر شیخ الاسلام علامہ ابن تیمیہ رحمہ اللہ کا جواب ملاحظہ فرمائیں، مجموع فتاویٰ ابن تیمیہ ۱۰/۴۲۲ ، ۴۲۳۔