کتاب: جنت کا راستہ - صفحہ 47
36۔سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ترجمہ:’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد میں اعتکاف کیا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے خیمے میں تھے کہ آپ نے سنا لوگ اونچی آواز سے قرأ ت کر رہے ہیں ۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خیمے کا پردہ ہٹایا اور فرمایا:خبردار تم میں سے ہر شخص اپنے رب کے ساتھ مناجات کر رہا ہے لہٰذا کوئی کسی کو تکلیف نہ دے۔اور اپنی قرأ ت کی آواز بلند نہ کرے‘‘۔ (مسند احمد،سلسلۃ الصحیحہ للالبانی رحمہ اللہ )۔ 37۔مزید فرمایا: ترجمہ:’’ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ سات دنوں میں سے ایک دن نہائے۔سر اور جسم کو دھوئے(بخاری:897) 38۔مزید فرمایا: ترجمہ:’’جو شخص جمعۃ المبارک کے لئے آئے وہ غسل کرے‘‘(بخاری:877) 39۔مزید فرمایا: ترجمہ:’’جو شخص بہتر طریقے سے وضو کرے،پھر جمعہ کے لئے آئے،کان لگا کر سنے،خاموش رہے،تو اس کو اگلے جمعے تک مزید تین دن تک بخش دیا جائے گا(صغیرہ گناہوں کو) اور جو کنکریوں سے کھیلتا رہا تو اس نے لغو(اور فضول) کام کیا‘‘(مسلم:897) 40۔مزید فرمایا: ترجمہ:’’اپنی عورتوں کو مسجد جانے سے نہ روکو۔اور ان کے گھر ان کے لئے بہتر ہیں ‘‘(ابوداؤد:567) 41۔مزید فرمایا: ترجمہ:’’جب کوئی عورت مسجد میں آئے تو وہ خوشبو نہ لگائے۔‘‘(مسلم:443) 42۔مزید فرمایا: ترجمہ:’’مردوں کی پہلی صف بہترین ہے اور آخری بدتر ہے۔عورتوں کی آخری صف اچھی ہے اور پہلی صف بدتر ہے‘‘(مسلم:440)