کتاب: جنت کا راستہ - صفحہ 182
(23)وضو کرنا:’’جوشخص وضو کرے۔اور اچھا وضو کرے۔اسکے تمام گناہ،اسکے جسم سے نکل جاتے ہیں ۔حتی کہ اسکے ناخنوں کے نیچے سے بھی گناہ نکل جاتے ہیں ۔‘‘(صحیح مسلم:245)۔ (24)وضو کے بعد دعا کرنا:جو شخص اچھاوضو کرے اور درج ذیل دعا پڑھے تو اللہ تعالیٰ اسکے لئے جنت کے تمام دروازوں کو کھول دیتا ہے کہ جس سے چاہے داخل ہوجائے’’اشھد ان لا الہ الا اللّٰه و اشھد ان محمدا عبدہ ورسولہ اللھم اجعلنی من التوابین واجعلنی من المتطھرین۔(صحیح مسلم:234)۔ (25) مساجد کی تعمیر:’’جوشخص اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے مسجد بناتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسکے لئے جنت میں اسکی مانند گھر بنائے گا۔‘‘(صحیح بخاری:450)۔ (26)مساجد کی طرف جانا:’’جو شخص مساجد کی طرف صبح یا شام جائے تو اللہ تعالیٰ اسکے لئے جنت میں میزبانی تیار کرے گا۔‘‘(صحیح مسلم:669)۔ (27)جمعہ کی نمازپڑھنا:’’جوشخص اچھاوضو کرے۔پھر جمعہ کے لئے آئے،خاموش رہااور کان لگا کر جمعہ سنا تو اگلے جمعہ تک اور تین دن مزید(10 دن)تک اسکے گناہ معاف ہوجاتے ہیں ۔‘‘(صحیح مسلم:857)۔ (28)قبولیت کی گھڑی:’’جمعہ کے دن ایک ایسی گھڑی آتی ہے کہ کوئی بھی مسلمان حالتِ نماز میں اللہ تعالیٰ سے اس وقت دعا کرے تو اللہ تعالیٰ اسکی دعا کو قبول فرماتا ہے۔‘‘(مسلم:852)۔ (29)زبان کی حفاظت کرنا:’’جوشخص مجھے زبان اور شرم گاہ کی حفاظت کی ضمانت دے تو میں اسے جنت کی ضمانت دیتا ہوں ۔‘‘(صحیح مسلم:945)۔ (30)بیٹیوں کی پرورش کرنا:’’جس شخص کی تین بیٹیاں ہوں ۔وہ ان کی اچھی پرورش کرے۔ان پر رحم کرے۔تو ایسے شخص پر قطعی طور پر جنت واجب ہے۔‘‘(مسند احمد بسند جید)۔ حیوانات سے اچھا سلوک کرنا:’’ایک شخص نے ایک پیاسا کتا دیکھا۔کہ وہ شدید پیاس سے زمین چاٹ رہاتھا۔آدمی نے اپنے موزے اتار کر اس میں پانی بھر کرکتے کو پلایا۔کتے نے اللہ کاشکر ادا کیا۔تو ایسے شخص کو اللہ نے جنت میں داخل کردیا۔‘‘(صحیح بخاری)۔ (31) عورتوں کے لئے حکم نبوی:’’کوئی عورت پانچ وقت نما زپڑھے۔رمضان کے روزے رکھے۔اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرے۔اپنے شوہر کی اطاعت کرے۔تو وہ جنت کے کسی بھی دروازے سے داخل ہونا چاہے تو داخل ہوجائے۔‘‘(ابن حبان صحیح )۔