کتاب: جنت کا راستہ - صفحہ 124
گناہوں سے آزادی کا راستہ توبہ و استغفار ہے۔اللہ تعالیٰ نے تمہیں اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا ہے۔اپنی اس مختصر سی چند روزہ زندگی میں خلوص نیت سے عبادت الٰہی اور رجوع الٰہی کی طرف توجہ کیجئے۔تقوی،صدقہ و خیرات،اخلاقِ حسنہ کو اپنا شیوئہ زندگی بنا ڈالو اور تربیت اولاد اور معاشرے کی اسلامی بنیادوں پر ترویج کرنا اپنا نصب العین۔ تقریبات اور محفلوں کی برائیاں زیرنظر سطور میں ہم اپنے خاندان اور معاشرے میں منعقد کی جانے والی تقریبات اور پارٹیوں میں پائی جانے والی برائیوں اور منکرات پر نظر ڈال رہے ہیں ۔مقصد تحریر ان منکرات سے پرہیز کرنا اور عوام الناس کو خبردار کرنا ہے۔ 1۔اول تو ہمارے ہاں جو تقریبات منعقد ہوتی ہیں ان کا کوئی دینی یا فلاحی مقصد کم ہی ہوتا ہے۔بلکہ یہ اپنے اپنے نظریات اور میلانِ طبع کے مطابق ہوتی ہیں ۔ 2۔فضول خرچی اور اسراف کرنا،اپنے اسٹیٹس اور معیارِ زندگی کو ظاہر کرنے کے لئے۔ 3۔شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں اکثر اوقات مالداروں اور اربابِ اختیار کو بلایا جاتا ہے۔غریب افراد اور اپنے ہی خاندان کے مساکین کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔ 4۔مردوں اور عورتوں کی مخلوط مجالس،عورتوں کا بے پردہ مردوں میں آنا جانا بھی ایک بہت بڑی خرابی ہے۔ 5۔شادی بیاہ کی تقریبات میں گانے بجانے والوں کو بلایا جاتا ہے۔تصویروں اور کیمروں کی چمک دمک میں رقص و سرود کی محفلیں منعقد کی جاتی ہیں ۔ 6۔شادی کے خاص لباس میں بلا وجہ بلاضرورت ہزاروں روپے ضائع کرنا۔ 7۔خواتین بے پردہ اور خوشبویات میں معطر ہو کر آتی جاتی ہیں ۔ 8۔خواتین میں سے بہت سی عورتیں صرف نمائش کے لئے مصنوعی بال(وگ) لگا کر آتی ہے۔بے تحاشہ میک اپ کرنا،بھوؤں کے بال اکھاڑنا بھی بہت بڑی برائی ہے۔