کتاب: جہنم کا بیان - صفحہ 9
بسم اللّٰه الرحمٰن الرحيم اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلاَۃُ وَالسَّلاَمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمُ وَالْعَاقِبَۃُ لِلْمُتَّقِیْنَ ، اَمَّا بَعْدُ ! جہنم …بہت ہی بری قیام گاہ،بہت ہی برا مسکن اور بہت ہی برا ٹھکانا ہے جسے اللہ تعالیٰ نے کافروں،مشرکوں اور فاسقوں و فاجروں کے لئے تیارکر رکھا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں جنت اور جہنم دونوں کا بار بار بڑی تفصیل سے ذکر فرمایا ہے اور ان دونوں میں سے آگ اور جہنم کا ذکر نسبتاً زیادہ مرتبہ کیا گیا ہے۔ شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ انسانوں کی اکثریت ترغیب سے زیادہ ترہیب کا اثر قبول کرتی ہے ۔واللہ اعلم بالصواب قرآن مجید میں جہنم کے بارے میں دی گئی بعض تفصیلات درج ذیل ہیں: 1۔جہنم کو دیکھتے ہی کافروں کے چہرے کالے سیاہ ہو جائیں گے ۔(سورہ یونس،آیت نمبر27 ) 2۔جہنمی عذاب سے تنگ آ کر موت طلب کریں گے لیکن ،انہیں موت نہیں آئے گی۔(سورہ فرقان، آیت نمبر13) 3۔جہنم کی آگ جہنمیوں کے چہرے کا گوشت جلا ڈالے گی اور ان کے جبڑے باہر نکل آئیں گے۔ (سورہ مومنون،آیت نمبر)4۔1 4۔جہنم کی آگ نہ زندہ چھوڑے گی نہ مرنے دے گی۔(سورہ اعلیٰ ،آیت نمبر13) 5۔جہنم کی آگ لوگوں کو چکنا چور کردے گی۔(سورہ ہمزہ ،آیت نمبر4) 6۔جہنم میں کافروں کو بند کرکے اوپر سے دروازے بند کردیئے جائیں گے۔(سورہ ہمزہ،آیت نمبر 9۔8) 7۔جہنم میں کافر پھنکارے ماریں گے(اور شور اس قدر ہوگا کہ)کانوں پڑی آواز سنائی نہیں دے گی۔