کتاب: جہنم کا بیان - صفحہ 19
اسلام کی راہ روکنے کے لئے بڑے بڑے منصوبے اور سازشیں تیار کرتا رہا اسی دماغ سے اس المناک عذاب کا آغاز کیا جائے گا۔ سورہ دخان کی مذکورہ آیت کے آخر میں﴿ذُقْ اِنَّکَ اَنْتَ الْعَزِیْزُ الْکَرِیْمُ﴾’’عذاب کا مزہ چکھ تو (دنیامیں)بڑا غالب اور عزت دار تھا۔‘‘(آیت نمبر49)کے الفاظ اس بات کی پوری طرح وضاحت کر رہے ہیں کہ اس المناک عذاب کے مستحق وہ ائمہ کفر ہوں گے جو دنیا میں بڑی طاقت ،اقتدار اور غلبہ کے مالک رہے ہوں گے دنیا کی نگاہ میں ان کی بڑی عزت اور آن بان ہوگی ۔ اسی طاقت غلبہ اور اقتدار کے نشے میں وہ اسلام کو نیچا دکھانے اور مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کا ہرحربہ استعمال کرتے رہے ہوں گے قرآن مجید میں ایسے ائمہ کفر کی مکاریوں اور چالبازیوں کا جابجا ذکر فرمایا گیا ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے ﴿وَ یَمْکُرُوْْنَ وَ یَمْکُرُ اللّٰہُ ، وَاللّٰہُ خَیْرُ الْمَاکِرِیْنَ ،﴾’’انہوں نے (محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف) سازشیں کیں اور اللہ نے بھی چال چلی اور اللہ تعالیٰ بہترین چال چلنے والا ہے۔‘‘( سورہ انفال ،آیت نمبر 30) ایک دوسری آیت میں ارشاد مبارک ہے ﴿وَ قَدْ مَکَرَ الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِھِمْ فَلِلّٰہِ الْمَکْرُ جَمِیْعًا﴾ ’’ان سے پہلے جو لوگ گزر چکے انہوں نے بھی بڑی چالیں چلیں مگر فیصلہ کن چال تو پوری کی پوری اللہ کے ہاتھ میں ہے۔‘‘(سورہ رعد،آیت نمبر42)سورہ ابراہیم میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں۔ کافروں نے اسلام کے خلاف ایسی ایسی غضب کی سازشیں کیں اور چالیں چلیں کہ پہاڑ بھی اپنی جگہ سے ٹل جاتے ﴿ وَ قَدْ مَکَرُوْا مَکْرَھُمْ وَ عِنْدَ اللّٰہِ مَکْرُھُمْ وَ اِنْ کَانَ مَکْرُھُمْ لِتَزُوْلَ مِنْہُ الْجِبَالُ،﴾ ’’کافروں نے اپنی ساری چالیں چل دیکھیں مگر ان کی ہر چال کا توڑ اللہ کے پاس تھا اگر چہ ان کی چالیں ایسی غضب کی تھیں کہ پہاڑ بھی اپنی جگہ سے ٹل جائیں۔‘‘( سورہ ابراہیم ،آیت نمبر 46)حضرت نوح علیہ السلام نے ساڑھے نو سال تک قوم کو دعوت دینے کے بعد اللہ تعالیٰ کے حضور جب اپنی عرضداشت پیش کی تو اس کا ایک اہم نکتہ یہ بھی تھا﴿وَ مَکَرُوْا مَکْرًا کُبَّارًا﴾ ’’یا اللہ ! اس قوم کے سرداروں نے مکرو فریب کا بڑا بھاری جال پھیلا رکھا ہے۔‘‘( سورہ نوح ،آیت نمبر 22)چنانچہ اسلام کے خلاف مکروفریب کے جال پھیلانے والے ،دین اسلام کو مغلوب کرنے کے منصوبے بنانے والے اور مسلمانوں کو ملیا میٹ کرنے کی تدبیریں کرنے والے یہی عزیز (His excellency)اور کریم(His Higness)قیامت کے روز جب حساب کتاب کے لئے اٹھیں گے تو ان کی تواضع اسی المناک عذاب سے کی جائے گی۔