کتاب: جادو کا علاج قرآن وسنت کی روشنی میں - صفحہ 47
تیسرا حصہ
جادو کی اَقسام
٭ امام رازی رحمہ اللہ کے نزدیک جادو کی اقسام
٭ امام راغب رحمہ اللہ کے نزدیک جادو کی اقسام
٭ اقسامِ جادو کی وضاحت
امام رازی رحمہ اللہ کے نزدیک جادو کی اقسام
امام عبداللہ رازی رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ جادو کی آٹھ قسمیں ہیں:
(۱) ان لوگوں کا جادو جو سات ستاروں کی پوجا کرتے تھے اور یہ عقیدہ رکھتے تھے کہ یہی ستارے کائنات کے امور کی تدبیر کرتے ہیں اور خیر وشر کے مالک ہیں ، اور یہی وہ لوگ تھے جن کی طرف اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو نبی بنا کر بھیجا۔
(۲) اصحابِ اوہام اور نفوسِ قویہ کا جادو:الرازی کے نزدیک وہم موثر ہوتاہے،اور ان کی دلیل یہ ہے کہ ایک درخت کا تنا جب زمین پر پڑا ہو تو انسان اس پر چل سکتا ہے، لیکن اگر اسی تنے کو کسی نہر پر پل بنا کر گاڑ دیا جائے تو وہ اس پر نہیں چل سکتا، اسی طرح ڈاکٹروں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ جس شخص کی ناک سے خون بہہ رہا ہو وہ سرخ رنگ کی چیزوں کی طرف نہ دیکھے، اور جس شخص کو مرگی کا دورہ پڑ گیا ہو وہ چمکیلی اورگھومنے والی چیزوں کی طرف نہ دیکھے، اور یہ سب تصورات صرف اس لئے اختیار کئے گئے ہیں کہ نفسِ انسانی فطری طور پر ان توہمات کو قبول کر لیتا ہے۔
(۳) جادو کی تیسری قسم یہ ہے کہ گھٹیا اَرواح یعنی شیطان قسم کے جنوں سے مدد حاصل کرکے جادو کا عمل کیا جائے۔ اور جنات کو قابو میں لانا چند آسان کاموں کی مددسے ممکن ہے بشرطیکہ ان میں کفر و شرک پایا جاتا ہو ۔