کتاب: جانب حلال - صفحہ 421
شیطان لے لیتا ہے برکت اٹھ جاتی ہے اور کاروبار میں خسارے کے امکانات پیدا ہوجاتے ہیں۔[1]
ایسی صورت میں شریعت نے یہی ہدایت دی ہے کہ اگر ایک فریق خیانت کا مرتکب ہوتا ہے تو دوسرا یا دوسرے درگزر سے کام لیں ہوسکتا ہے کہ آئندہ چل کر معاملہ درست ہوجائے یا ایسا خیال ہی غلط ثابت ہو،چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
((أَدِّ الأَمَانَةَ إِلَى مَنِ ائْتَمَنَكَ وَلاَ تَخُنْ مَنْ خَانَكَ))[2]
”جس شخص نے تیرے پاس امانت رکھی ہے اس کی امانت اداکراور جو کوئی تجھ سے خیانت کرے تو اس سے خیانت نہ کر“
شرکت ومشارکہ میں نفع ونقصان کا تناسب؟
شراکت ومشارکہ میں دویا دو سے زیادہ افراد جب مل کر کام کرتے ہیں اور اپنا سرمایا بھی لگاتے ہیں تو وہ نفع اور نقصان دونوں میں شریک ہوتے ہیں جبکہ مضاربہ میں تمام ترنقصان رب المال کا ہوتا ہے اور مضارب صرف اپنی محنت سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے جبکہ مشارکہ میں نفع تو کسی بھی ایسی نسبت سے تقسیم کیا جاسکتا ہے جس پر پہلے سے سارے فریق اتفاق کرلیں لیکن اگر نقصان ہوجائے تو سب شرکاء کے سرمایہ کےتناسب سے برداشت کیا جائےگا۔
[1] ۔ابوداؤد كتاب البيوع باب في الشركه(3383) اصل عبارت پہلے گزر چکی ہے۔
[2] ۔ترمذی ابواب البیوع باب ماجاء فی النھی للمسلم ،ترمذی کتاب البیوع باب نمبر 38(1264)