کتاب: اتباع سنت کے مسائل - صفحہ 38
6۔صحیفہ سمرہ بن جندب:
حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ نے یہ صحیفہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات ِ طیبہ میں ہی مرتب فرمایا ، جو بعد میں ان کے بیٹے حضرت سلمان رحمہ اللہ کے حصہ میں آیا۔(حفاظت ِ حدیث)
7۔صحیفہ جابر بن عبداللہ:
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کا مرتب کردہ یہ صحیفہ مناسک حج کی احادیث پر مشتمل تھا۔(مسلم)
8۔صحیفہ انس بن مالک:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خادم خاص حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے خود احادیث سنیں اور لکھیں پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو سنا کر ان کی تصدیق بھی کروائی ۔(حاکم)
9۔صحیفہ عبداللہ بن عباس:
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کے پاس احادیث پر مشتمل کئی کتب تھیں۔(ترمذی)جب عبداللہ رضی اللہ عنہ فوت ہوئے تو ان کے پاس ایک اونٹ کے بوجھ کے برابر کتب تھیں۔(ابن سعد)
10۔صحیفہ صادقہ:
حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ کے پاس احادیث کا بہت بڑا ذخیرہ تھا جس کے بارے میں وہ خود فرمایا کرتے تھے ’’صادقہ وہ کتاب ہے جسے میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے براہ راست سن کرلکھا ہے۔‘‘(دارمی)[1]
11۔صحیفہ عمر بن خطاب:
اس صحیفہ میں صدقات و زکاۃ کے احکامات درج تھے ۔ امام مالک رحمہ اللہ فرماتے ہیں ’’میں نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی یہ کتاب خود پڑھی تھی۔‘‘(مؤطا امام مالک رحمہ اللہ)
12۔صحیفہ عثمان:
اس صحیفہ میں زکاۃ کے جملہ احکام درج تھے۔(بخاری)
[1] سید ابو بکر غزنوی رحمہ اللہ کی تحقیق کے مطابق صحیفہ صادقہ میں پانچ ہزار تین سو چوہتر(5374) سے زائد احادیث تھیں۔ یاد رہے کہ بخاری و مسلم کی غیر مکرر حدیثوں کی تعداد چار ہزار سے زیادہ نہیں ۔ (کتابت ِ حدیث ، عہد ِنبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں)