کتاب: اتباع سنت کے مسائل - صفحہ 37
علاوہ وہ تحریریں جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطوط ، معاہدات نیز سرکاری حکام کے نام احکام و ہدایات کی شکل میں تیار کروائیں وہ سب احادیث کہلاتی ہیں۔
عہد ِنبوی صلی اللہ علیہ وسلم اور عہد ِ صحابہ رضی اللہ عنہم(110ھ تک)میں کتابت و تدوین ِ حدیث:
1۔کتاب الصدقۃ:
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں سرکاری حکام کو بھیجنے کے لئے کتاب الصدقہ تحریر کروائی ، جس میں جانوروں کی زکاۃ کے مسائل تھے۔(ترمذی)
2۔صحیفہ عمرو بن حزم:
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے یمن کے گورنر حضرت عمرو بن حزم رضی اللہ عنہ کو ایک صحیفہ لکھوا کر ارسال فرمایا ، جس میں تلاوت قرآن ، نماز ، زکاۃ ، طلاق ، عتاق(غلام آزاد کرنا)، قصاص(مقتول کا بدلہ)دیت(مقتول کا خون بہا)نیز فرائض و سنن اور کبیرہ گناہوں کی تفصیل درج تھی۔(احمد ، ابوداؤ، نسائی ، دار قطنی، دارمی، حاکم)
3۔صحیفہ علی:
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو ایک صحیفہ لکھواکر عطا فرمایا تھا جس کے بارے میں حضرت علی رضی اللہ عنہ فرمایا کرتے تھے ’’واللہ!ہمارے پاس پڑھنے لکھنے کی کوئی کتاب نہیں سوائے اللہ تعالی کی کتاب اور اس صحیفہ کے، مجھے یہ صحیفہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عطا فرمایا ہے ، اس میں زکاۃ کے مسائل درج ہیں۔(احمد)
4۔صحیفہ وائل بن حجر:
حضرت وائل بن حجر رضی اللہ عنہ اپنے وطن حضر موت جانے لگے تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے لئے نماز ، روزہ، زکاۃ ، نکاح ، سود، شراب وغیرہ کے مسائل پر مشتمل صحیفہ تیار کروا کے عنایت فرمایا ۔(طبرانی)
5۔صحیفہ سعد بن عبادہ:
حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ نے خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے احادیث سن کر یہ صحیفہ مرتب کیا تھا۔(ترمذی)