کتاب: اتباع سنت کے مسائل - صفحہ 120
عَنْ عَاصِمٍ رضی اللّٰہ عنہ قَالَ:قُلْتُ لِاَنَسٍص أَ حَرَّمَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم اَلْمَدِیْنَۃَ قَالَ نَعَمْ مَا بَیْنَ کَذَا وَ کَذَا لاَ یُقْطَعُ شَجَرُہَا((مَنْ اَحْدَثَ فِیْہَا حَدَّثَا فَعَلَیْہِ لَعْنَۃُ اللّٰہِ وَ الْمَلٰئِکَۃِ وَالنَّاسِ اَجْمَعِیْنَ))مُتَّفَقٌ عَلَیْہِ[1] حضرت عاصم رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا ’’کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ کو حرام قرار دیا ہے؟‘‘ انہوں نے کہا ’’ہاں!فلاں جگہ سے لے کر فلاں جگہ تک کوئی درخت نہ کاٹا جائے ، نیز نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جو شخص یہاں کو ئی بدعت رائج کرے اس پر اللہ تعالیٰ کی ، فرشتوں کی اور سارے لوگوں کی لعنت ہے۔‘‘ اسے بخاری اور مسلم نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ نمبر 77:بدعت رائج کرنے والے پر اپنے گناہ کے علاوہ ان تمام لوگوں کے گناہوں کا بوجھ بھی ہوگا ، جو اس بدعت پر عمل کریں گے۔ عَنْ کَثِیْرِ بْنِ عَبْدَ اللّٰہِ بْنِ عَمْرِو بْنِ عَوْفِ الْمُزَنِیِّ رضی اللّٰہ عنہ حَدَّثَنِیْ اَبِیْ عَنْ جَدِّیْ اَنَّ رَسُوْلَ اللّّٰہِا قَالَ((مَنْ اَحْیَا سُنَّۃً مِنْ سُنَّتِیْ فَعَمِلَ بِہَا النَّاسُ کَانَ لَہٗ مِثْلُ اَجْرِ مَنْ عَمَلَ بِہَا لاَ یَنْقُصُ مِنْ اُجُوْرِہِمْ شَیْئًا وَ مَنِ ابْتَدَعَ بِدْعَۃً فَعُمِلَ بِہَا کاَنَ عَلَیْہِ اَوْزَارُ مَنْ عَمِلَ بِہَا لاَ یَنْقُصُ مَنْ اَوْزَارٍ مِنْ عَمِلَ بِہَا شَیْئًا))رَوَاہُ ابْنُ مَاجَۃَ[2](صحیح) حضرت کثیر بن عبداللہ بن عمرو بن عوف مزنی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ مجھ سے میرے باپ نے ، میرے باپ سے میرے دادا نے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جس نے میری سنتوں میں سے کوئی ایک سنت زندہ کی اور لوگوں نے اس پر عمل کیا تو سنت زندہ کرنے والے کو بھی اتنا ہی ثواب ملے گا جتنا اس سنت پر عمل کرنے و الے تمام لوگوں کو ملے گا جبکہ لوگوں کے اپنے ثواب میں سے کوئی کمی نہیں کی جائے گی اور جس نے کوئی بدعت جاری کی اور پھر اس پر لوگوں نے عمل کیا تو بدعت جاری کرنے والے پر ان تمام لوگوں کا گناہ ہوگا جو اس بدعت پر عمل کریں گے جبکہ بدعت پر عمل کرنے والے لوگوں کے اپنے گناہوں کی سزا سے کوئی چیز کم نہیں ہوگی۔(یعنی وہ بھی پوری پوری سزا پائیں گے)‘‘ اسے ابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔
[1] اللؤلؤء والمرجان ، الجزء الاول ، رقم الحدیث 865 [2] صحیح سنن ابن ماجہ ، للالبانی ، الجزء الاول ، رقم الحدیث 173