کتاب: اسلامی اجتماعیت میں خاندان کا کردار - صفحہ 346
’’اور اگر مومنوں کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں تو ان کے درمیان صلح کرا دو۔‘‘ 2۔ اللہ تعالیٰ اس کے بعد فرماتے ہیں: ﴿اِنَّمَا الْمُوْمِنُوْنَ اِخْوَۃٌ فَاَصْلِحُوْا بَیْنَ اَخَوَیْکُمْ وَاتَّقُوْا اللّٰہ لَعَلَّکُمْ تُرْحَمُوْنَ﴾۱۰۱؎ ’’مومن تو آپس میں بھائی بھائی ہیں،لہٰذا اپنے بھائیوں کے درمیان صلح کرا دیاکرو اوراللہ سے ڈرتے رہو تاکہ تم پر رحم کیاجائے۔‘‘ احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم: 1۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: ((لیس الکذاب الذی یصلح بین الناس فینمی خیرا او یقول خیرا)) ۱۰۲؎ ’’وہ شخص جھوٹا نہیں ہے جو لوگوں کے درمیان صلح کرانے کے لیے جھوٹ بولتا ہے۔اس کی نیت اچھی ہوتی ہے یا وہ بہتری اوربھلائی کی بات کرتا ہے۔‘‘ 2۔ حضرت سھل بن سعد بیان کرتے ہیں،کہ اہل قبا ایک بار لڑ پڑے اورایک دوسرے کی طرف پتھر مارنے اور پھینکنے لگے تو جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خبرملی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’آؤ میں تمہاری صلح کراتاہوں‘‘ ۱۰۳؎ صلح کرانے کادرجہ اور فضیلت حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((الا اخبرکم باافضل من درجۃ الصیام والصلاۃ والصدقۃ قالوا بلی یا رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال إصلاح ذات الیمین وفساد ذات البین الحالقۃ)) ۱۰۴ ؎ ’’کیامیں تمہیں وہ چیز نہ بتاؤں کہ جس کا درجہ روزے،نماز اور صدقے کے درجے سے افضل ہے۔‘‘صحابہ نے عرض کیا ضرور یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا((اصلاح ذات البین)) ’’دو آدمیوں کے درمیان صلح کرا دینا۔‘‘(اور سنو)((فساد ذات البین ھی الحالقۃ)) ’’دو آدمیوں کے درمیان فتنہ فساد ڈالنا دین کو مونڈنا اور خراب کرناہے۔‘‘ خاندان کا شرف و احترام بحال رکھنا افراد خاندان اور روساء خاندان کی عظمت و شان اور رفعت و بلندی اور وقار و اقتدار کو بحال رکھنا اسی قدر اہم اور ضروری ہے جس قدر ایک انسان کی عزت و وقار اور شان و شوکت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ہم قرآن سے شرف انسانیت کا سوال کرتے ہیں تو قرآن جواب دیتا ہے۔ ﴿وَلَقَدْ کَرَّمْنَا بَنِیْ آدَمَ وَ حَمَلْنَا ھُمْ فِیْ الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَرَزَقْنَا ھُمْ مِّنَ الطَّیِّبَاتِ وَ فَضَّلْنَا ھُمْ عَلٰی کَثِیْرٍ مِّمْنْ خَلَقْنَا تَفْضِیْلًا﴾۱۰۵؎ ’’اور ہم نے آدم کی اولاد کو عزت دی اور ہم نے ان کوخشکی اور دریا میں سوار کیا اور نفیس نفیس چیزیں ان کوعطافرمائیں اور ہم نے ان کو اپنی سب مخلوقات پرفوقیت دی۔‘‘ دوسرے مقام پر اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: ﴿لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْ اَحْسَنِ تَقْوِیْمٍ﴾۱۰۶؎