کتاب: اسلامی اجتماعیت میں خاندان کا کردار - صفحہ 13
کرتے ہوئے خاندان کو یکجا کرتے ہیں۔اس طرح خاندان ایک پاور بن کر نمایاں ہوتا ہے اس سے اسلامی خاندان کی مثبت روایات کوبھی فروغ ملتاہے،گویا خاندانی نظام کی تعمیر و ترقی میں مردوں کا کردار لائق تحسین و آفرین ہے۔
خاندان کی دوسری کڑی عورت اور اس کا دائرہ کار
اسلام کے خاندانی نظام میں عورت کو غیر معمولی حیثیت حاصل ہے ماں کی گود اور اس کی تربیت کوبچے کی پہلی درس گاہ سے تعبیر کیا جاتاہے۔جب ماں اپنے بچے کی تربیت بطریق احسن سرانجام دیتی ہے تو اس سے ہی خاندان کی اصلاح کا سسٹم شروع ہوجاتا ہے اور اعلیٰ و ارفع اور تعلیم یافتہ خاندان کے لیے ایسی حیادار،تعلیم یافتہ،عقل و فہم اور بصیرت کی حامل خواتین کی ضرورت ہے جن خواتین کے لیے اسلام نے ایک دائرہ کار مقرر کیاہے کہ وہ اپنے گھروں کو مرکز و محور خیال کرتے ہوئے ٹھہری رہیں۔اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
﴿وَقَرْنَ فِیْ بُیُوْتِکُنَّ﴾۵۳؎ ’’اور اپنے گھروں میں ٹک کر رہو۔‘‘
لفظ قرن اہل لغت کے ہاں
آیت مذکورہ میں لفظ ’’قرن‘‘ استعمال ہواہے بعض اہل لغت کہتے ہیں کہ ’’قرن‘‘ ’’قرار‘‘ سے ماخوذ ہے اوربعض کہتے ہیں کہ یہ ’’وقار‘‘ سے مأخوذ ہے۔جیسے کہ لسان العرب میں امام فرّاء رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ یہ وقار سے مأخوذ ہے۔
گویا اس کو ’’وقار‘‘ سے مأخوذ مانا جائے تو اس کا مطلب ہوگا کہ ’’سکون سے رہو‘‘ اور اگر اسے ’’قرار‘‘ سے مأخوذ مانا جائے تو اس کا مطلب ہوگا ’’ٹک کر رہو‘‘ دونوں صورتوں میں آیت کا منشا یہ ہے کہ عورت کا اصل دائرہ کار اس کا گھر ہے،اگر وہ اپنے دائرہ عمل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے شب و روز،لیل و نہار بسر کرے گی،تو خاندان اور نسب ناموں کی تباہی ہوگی۔لہٰذا اسے اپنے دائرہ کار میں اطمینان کے ساتھ رہ کر اپنے فرائض سرانجام دینے چاہئیں۔۵۴؎
ابوبکر الجصاص ’’وَقَرْنَ فِیْ بُیُوْتِکُنَّ‘‘ کی تشریح اس طرح سے کرتے ہیں:
’’وفیہ الدلالۃ علی ان النساء مامورات بلزوم البیوت منھیات عن الخروج‘‘۵۵؎
یہ آیت کریمہ اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ عورتیں اپنے گھروں سے چمٹے رہنے پر مامور ہیں اور ان کو گھر سے باہر نکلنے سے روک دیا گیا ہے۔لہٰذا اس کو اپنی تمام سرگرمیاں اس کے اندر ہی محدود رکھنی چاہئیں۔
عبداللہ جمال الدین آفندی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
’’المرأۃ عورۃ‘‘ عورت نام ہی پردے کاہے۔
بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
((المرأۃ عورۃ فاذا خرجت استشرفھا ھوالشیطان)) ۵۶؎
’’عورت نام ہی پردے کا ہے۔جب عورت گھر سے باہر قدم رکھتی ہے تو شیطان اسے(خوبصورت کرکے لوگوں کے سامنے پیش کرتا ہے اور ) اسے دیکھتا ہے۔‘‘