کتاب: اسلامی آداب و احکام - صفحہ 6
دو لفظ معلمین سے اسلامی آداب کے اس مجموعے میں اختصار کے ساتھ نقاط کی شکل میں ہر موضوع پر اہم باتیں درج کی گئی ہیں ۔ اس کی حیثیت درسی کتاب ( ((Text Bookکی ہے گویا یہ محض متن ہے ،طلبہ کی استعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے معلم کو اس کے نقاط کی تشریح کر نی ہے۔ طلبہ کو مثالوں سے سمجھانا، سوالات کرنا ، ان کو سوال کرنے کا موقع دینا اور حسب ضرورت موضوع کے نقاط میں اضافہ کرنا معلم کے اہم فرائض میں شامل ہے۔ہر درس کے آخر میں بچی ہوئی جگہ کو محفوظ رکھا گیا ہے تا کہ طلبہ نوٹس اور اضافے تحریر کرسکیں۔ تدریس کے دوران رسالہ میں کسی اہم چیز کی کمی یا کسی طرح کی تشنگی محسوس ہو تو اس کی نشان دہی بھی فر مائیں تا کہ اگلی اشاعت میں اس کا تدارک کیا جا سکے ۔ سمر تربیتی پروگرام کے روح رواں مولوی محمد اجمل اثریؔ اوران کے رفقا ء کے مسلسل اصرار پر یہ کتابچہ مختلف اوقات اور فرصت کے لمحات میں تیار کیا گیا ہے ۔ بیچ بیچ میں طویل انقطاع ہو جایا کر تا تھا جس کی وجہ سے اس کے مضامین و مشتملات اور طرز تحریر واسلوب میں یکسانیت کی کمی محسوس کی جا سکتی ہے۔البتہ اس بات کی حتی الوسع کو شش کی گئی ہے کہ معلومات مستند و محقق ہوں۔ اللہ تعالیٰ اس کوشش کو قبول فرمائے اور اس کتاب کو مفید اور نا فع بنائے ۔ آمین ۲۷؍ محرم الحرام ۱۴۳۷ ھ اسعد اعظمی ۱۰ ؍ نومبر ۲۰۱۵ ء جامعہ سلفیہ ، بنارس