کتاب: اسلامی آداب و احکام - صفحہ 5
کتاب: اسلامی آداب و احکام مصنف: اسعد اعظمی پبلیشر: سمر اسلامی تربیتی کیمپ ترجمہ: بِسْمِ اللّٰہِ الْرَّ حْمٰنِ الْرَّحِیْم حرف آغاز الحمد للّٰه رب العالمین، والصلاۃ والسلام علی سید المرسلین، نبینا محمد و علی آلہ و صحبہ أجمعین، أشھد أن لا إلہ إلا اللّٰه وحدہ لا شریک لہ، وأشھد أن محمداً عبدہ ورسولہ، أما بعد : اہم اسلامی آداب و احکام پر مشتمل یہ مختصر مجمو عہ سمراسلامی تر بیتی کیمپ کے طلبہ و طالبات کے لیے تیار کیا گیا ہے جو چند سالو ں سے نوجوانان محلہ لچھی پورہ مؤ کی توجہ سے مسجد السلف الصالح میں گرمی کی چھٹیوں میں جاری ہوتا ہے ، دو تین سالوں تک اس پروگرام میں تقاریر اور دروس سے شرکائے پروگرام کی تربیت کا کام لیا گیا ، لیکن اس اثناء میں بار بار یہ ضرورت محسوس کی جاتی رہی کہ بچوں کے ہاتھ میں تحریری اور کتابی شکل میں بھی ان دروس کے مضامین موجود ہونے چاہییں تاکہ حسب ضرورت انھیں دہرا سکیں اور ان میں مندرج باتوں کو اپنے ذہن و دماغ میں اتار سکیں ۔ زیر نظر رسالہ اسی ضرورت کی تکمیل کے لیے ترتیب دیا گیا ہے ۔ کورس میں شریک بچے مختلف عمر اور مختلف رجحان کے حامل ہوتے ہیں۔ ان میں نابالغ،قریب البلوغ، نوجوان اور جوان سب ہوتے ہیں ۔ان کی عمراور قوت ادراک کی رعایت کرتے ہوئے موضوعات کا انتخاب کیا گیا ہے ، ساتھ ہی آسان اور عام فہم زبان کا استعمال کیا گیا ہے ۔کورس کا وقت چونکہ بہت محدود ہوتا ہے اسے نظر میں رکھتے ہوئے الاھم فالاھم کو ہی صرف شامل نصا ب کیا گیاہے تاکہ نو نہالان ملت اسلام کے بنیادی عقائد و احکام سیکھ لیں اور اپنے دین و عقید ہ کے تئیں اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ رہیں۔ چونکہ نماز اور ادعیہ و اذکار کی کتابیں الگ سے اس کورس میں شامل ہیں اس لیے اس مختصر مجموعہ میں نماز کے احکام و مسائل اور دعاؤں کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔