کتاب: اسلام پر 40 اعتراضات کے عقلی و نقلی جواب - صفحہ 36
کر رہے ہیں لیکن اسلام کے بارے میں کیے جانے والے منفی پروپیگنڈے کے مقابلے میں وہ کہیں پیچھے ہیں۔ مجھے اُمید ہے کہ اب اس سلسلے میں مسلمانوں کی کوششیں تیزتر ہوں گی۔
اسلام کے بارے میں بہت عام سوالات مختلف ادوار میں مختلف رہے ہیں۔ فی زمانہ ان عام سوالوں کا مجموعہ موجودہ وقت اور حالات کے مطابق ہے۔ چند عشرے پہلے یہ سوالات مختلف تھے اور چند عشرے بعد بھی یقینا مختلف ہوں گے۔ اس بات کا انحصار اس پر ہے کہ میڈیا میں اسلام کو کس حوالے اور کس اسلوب سے پیش کیا جاتا ہے۔
اسلام کے متعلق غلط تصورات دنیا بھر میں یکساں ہیں
میں دنیا کے مختلف حصوں میں مختلف لوگوں سے ملا ہوں اور ہر جگہ مجھے اسلام کے بارے میں انھی عام سوالات کی یکسانیت ملی ہے، البتہ مقام ، ماحول یا ثقافت کی نیرنگیوں کے باعث ان سوالات میں کچھ اضافہ بھی ہوا، مثلاً امریکہ میں اضافی طور پر پوچھا جانے والا عام سوال یہ ہے :
’’اسلام سود لینے اور دینے سے کیوں منع کرتا ہے؟‘‘
کچھ سوالات بھارتی غیر مسلموں کے بھی ہیں، مثال کے طور پر:
’’مسلمان ایسی خوراک کیوں نہیں کھاتے جو صرف سبزیوں پر مشتمل ہو؟‘‘
یہ سوال شامل کرنے کی وجہ یہ ہے کہ بھارتی نژاد لوگ ساری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں اور بھارتی باشندے دنیا کی آبادی کا 20 فیصد یا 1/5 حصہ ہیں، اس لیے ان کے سوالات بھی ان سوالوں میں شامل ہیں جو دنیا بھر کے غیر مسلم لوگ بالعموم پوچھتے رہتے ہیں۔