کتاب: اسلام کا قانون طلاق اور اس کا ناجائز استعمال - صفحہ 14
2. خاوند اپنی بیوی کے نان ونفقہ کا ذمہ دار ہے ۔ 3. خاوند اپنی بیوی سے اچھے انداز سے بود وباش رکھے اور اس سے اچھا سلوک کرے ۔ 4. بیوی کو حقِ خلع بھی حاصل ہے ۔ 5. بیوی کا خاوند پر ایک حق یہ ہے کہ وہ اپنی بیوی کی عزت کی حفاظت کرے اور اسے ہر ایسی چیز سے محفوظ رکھے جو اس کی عفت وعصمت کو داغدار کر سکتی ہو ۔ 6. خاوند اپنی بیوی کو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے آگاہ کرے اور اسے ضروری احکام ومسائل کی تعلیم دے یا تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ دے ۔ 7. اگر کسی کی ایک سے زیادہ بیویاں ہوں تو ان کا خاوند پر ایک حق یہ ہے کہ وہ ان کے درمیان انصاف کرے اور کسی کو ظلم وزیادتی کا نشانہ نہ بنائے ۔ طلاق کے واقعات کیوں بکثرت واقع ہو رہے ہیں ؟ ہم اپنے معاشرے کا بغور جائزہ لیں تو ہم دیکھتے ہیں کہ بعض لوگ اِس عظیم رشتہ کو باوجود اس کے عظیم فوائد کے اسے قائم رکھنے میں کامیاب نہیں ہوتے۔ اور طلاق کے واقعات ہیں کہ رفتہ رفتہ بڑھتے ہی جا رہے ہیں ۔ بسا اوقات معمولی معمولی باتوں پر نوبت طلاق تک جا پہنچتی ہے ۔ اور ہنستا بستا گھر برباد ہو جاتا ہے ۔ آئیے سب سے پہلے یہ جاننے کی کوشش کریں کہ آخر طلاق کے اسباب کیا ہیں ؟ اور کیوں اِس طرح کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں ؟ صرف اسباب ہی نہیں بلکہ یہ بھی معلوم کریں کہ شریعت میں ان اسباب کا حل کیا ہے اور وہ کونسے امور ہیں کہ اگر ان کا لحاظ کیا جائے تو طلاق کے بڑھتے ہوئے واقعات رک سکتے ہیں !