کتاب: اسلام کا قانون طلاق اور اس کا ناجائز استعمال - صفحہ 12
دوسرے سے کئے ہوئے عہد کا پاس کریں ۔ اسی طرح کامیاب وخوشگوار ازدواجی زندگی کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ خاوند بیوی دونوں ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کریں اور ان میں سے ہر ایک دوسرے کے حقوق کو ادا کرے ۔ نہ خاوند بیوی کی حق تلفی کرے اور نہ بیوی خاوند کے حقوق مارے ۔ اللہ تعالی فرماتے ہیں : ﴿ وَلَہُنَّ مِثْلُ الَّذِیْ عَلَیْہِنَّ بِالْمَعْرُوْفِ وَلِلرِّجَالِ عَلَیْہِنَّ دَرَجَۃٌ ﴾ [البقرۃ : ۲۲۸ ] ’’ اور عورتوں کے ( شوہروں پر) عرفِ عام کے مطابق حقوق ہیں جس طرح شوہروں کے ان پر ہیں ۔ اور مردوں کو عورتوں پر فوقیت حاصل ہے۔‘‘ اس آیت سے معلوم ہوا کہ خاوند اوربیوی دونوں ہی کے ایک دوسرے پر حقوق ہیں جن کا ادا کرنا ضروری ہے ۔ اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی خطبۂ حجۃ الوداع میں فرمایا تھا : ( أَلاَ إِنَّ لَکُمْ عَلٰی نِسَائِکُمْ حَقًّا ، وَلِنِسَائِکُمْ عَلَیْکُمْ حَقًّا ) ’’ خبردار ! بے شک تمھاری بیویوں پر تمھارا حق ہے اور تم پر تمھاری بیویوں کا حق ہے ۔ ‘‘ [ صحیح الترغیب والترہیب للألبانی : ۱۹۳۰ ] خاوند بیوی اگر ایک دوسرے کے حقوق کی پاسداری کرتے رہیں تو یقینی طور پر ان کی ازدواجی زندگی انتہائی اچھے انداز سے گذر سکتی ہے ۔ یہاں ہم زوجین کو یاددہانی کیلئے ان کے حقوق کی طرف اشارہ کردیتے ہیں ۔ خاوند بیوی کے مشترکہ حقوق : 1. نکاح کے وقت طے کردہ جائز شرائط کو پورا کرنا ۔