کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 95
قرآنِ کریم صداقتوں سے لبریز ہے اور اس کی تعلیمات قابلِ عمل اور انتہا پسندانہ نظریات اور پُر اسرار باتوں سے مبرّاہیں رومن کیتھولک فرقے سے تعلق کے باعث مجھے اس فرقے کے بارے میں خاصے وسیع مطالعے کا موقع ملا۔ میں نے اپنے آپ کو یہ یقین دلانے کی پوری پوری کوشش کی کہ رومن کیتھولک مذہب ہی واحد سچا مذہب ہے مگر افسوس کہ اس کی پُر اسرار باتوں ، انتہا پسندانہ نظریات اور بعض ناقابلِ یقین عقائد پر ایمان لانے کے اصرارنے میری برداشت کا پیمانہ لبریز کر دیا۔ میں نے خود حق کی تلاش شروع کر دی اور خاموشی سے کئی سال اسی کام میں مصروف رہا۔ ہندو مت اور بدھ مت میں مجھے ایسے خلا نظر آئے کہ میرے لیے اسلام کا مطالعہ ناگزیر ہو گیا۔ایک زمانے میں ، میں اسلام سے متنفر تھا۔ کوئی مسلمان میرا دوست نہ تھا کیونکہ اسلام سے مجھے اتنی نفرت تھی کہ اس کے پیرو کاروں کے ساتھ میل جول بھی میں پسند نہیں کرتا تھا۔ یہ بات میرے وہم و گمان میں بھی نہ تھی کہ اسلام پر کتابیں میری کایا پلٹ کر مجھے ایک نیا انسان بنا دیں گی۔ رفتہ رفتہ میں اسلام کی تعلیمات میں اتنا منہمک ہو گیا کہ مجھے اس کا مزید تفصیلی مطالعہ کرنے میں زیادہ وقت نہ لگا۔ مجھے اسلام کے سیدھے اور پراسراریّت سے مبرّا راستے سے محبت ہو گئی۔یہ صاف ستھر ا اور سادہ دین ہے مگر اس کے مطالعہ میں اتنی گہرائی ہے کہ جلد ہی میں یہ محسوس کرنے لگا کہ نظر نہ آنے والا انقلاب قریب آ گیا ہے اور اب ان ہونی ہو کر رہے گی۔ میں نے قرآن حکیم کی کچھ عبارات پڑھیں تو میں حیران رہ گیاکیونکہ میرا خیال تھا کہ بائبل کے پائے کی کوئی اور کتاب نہیں ہو سکتی، تاہم قرآن کے مطالعے سے مجھے معلوم ہوا کہ میں شدید غلطی میں مبتلا تھا۔ دراصل قرآنِ حکیم سچائیوں سے بھرپور ہے، اس کی تعلیمات قابلِ عمل ہیں اور یہ انتہا پسندانہ اور پُر اسرار باتوں سے پاک ہے، چنانچہ رفتہ رفتہ میں امن و محبت کے دین کی طرف