کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 67
مجھے یقین ہے کہ اسلام میں سب اہم باتیں موجود ہیں جو یہ ظاہر کرتی ہیں کہ عیسائیت ایک نامکمل دین ہے بچپن سے بلوغت تک عیسائیت میں تربیت پانے اور اس مذہب کے جملہ عناصر سے واقفیت رکھنے کے باعث مجھے یہ یقین ہے کہ اسلام اُن تمام اہم باتوں پر محیط ہے جن سے یہ پتہ چلتا ہے کہ عیسائیت ایک نامکمل مذہب ہے۔ جب میں نے روزانہ مسلمانوں کو پاک صاف ہو کر نماز پڑھتے اور اپنے خالق کے سامنے سجدہ ریز ہوتے دیکھا تو میرا یقین پختہ ہو گیا،مجھے اسلام کی جانب کشش محسوس ہوئی اور میں اسلامی کتابیں پڑھنے لگا جن کا مطالعہ بالآخر میرے لیے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا دین قبول کرنے کا باعث بنا۔[1] [محمد مصطفی کولی- باتھرسٹ ، گیمبیا] (Muhammad Mustapha Colley-Bathurst, Gambia) اسلام کا عالمگیر تصورِ انسانیت اسلام کا تصور اتنا ہی وسیع ہے جتنی کہ بذات خود انسانیت۔ اور یہ دین اُ ن کافرانہ عقائد سے پاک ہے جو عیسائیت کی بنیاد ہیں ، مثلاً کفارہ، نجات اور نجات دہندگی۔ یہ سمجھنا ہمارے شعور کی توہین ہے کہ عہدِ جاہلیت سے مستعار لیے گئے توہّمات اور قصّے کہانیوں کواپنی نجات کے ضامن سمجھ لیں ۔ میں نے اسلام پر جو کتابیں پڑھی ہیں اب وہ اپنے دوستوں تک پہنچا رہا ہوں تاکہ اُنھیں بھی حق کی وہ روشنی نظر آ سکے جس سے اب تک اُن لوگوں کو محروم رکھا گیا۔[2] [ عمر علی آر ٹی ڈوبسن- لندن] (Omer Ali R.T.Dobson-London)
[1] ۔ اسلامک ریویو، نومبر، دسمبر1938ء، ج:26، ش:11،12، ص:401 [2] ۔ اسلامک ریویو، مارچ1929ء، ج:17، ش:3، ص:81