کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 45
میں اسلام کے لیے زندہ ہوں جو باعث ِنجات ہے مجھے آپ[1] سے جو روحانی حوصلہ افزائی ملی، اس کے لیے بہت شکریہ۔ یہ حوصلہ افزائی میرے لیے بہت اہم ہے لیکن میں سب سے زیادہ اس بات پر آ پ کا ممنون ہوں کہ آپ نے مجھے عظیم اسلامی برادری میں شمولیت کا شرف بخشا۔ مہربانی فرما کر مجھے اس محترم دوست کا نام بتا دیجیے جو میری دلی خواہش کے مطابق مجھے قرآنِ حکیم کا ایک نسخہ عطا کرنا چاہتے ہوں تاکہ میں ان سے اپنی ممنونیت کا اظہار کر سکوں ۔ مادّہ پرست عیسائیت سے یہ پُر خلوص رویہ کتنا مختلف ہے اور دنیا کو اسلام کی کتنی ضرورت ہے! میں عیسائیت کے اس ہولناک طبقاتی نظام کو ختم کرنا اپنا مقصدِ حیات سمجھتا ہوں جو آہستہ آہستہ میرے وطن کا گلا گھونٹ رہا ہے اور میں اسلام کے لیے زندہ ہوں جوکہ باعث نجات ہے۔[2] [اے ایم ٹی- وٹر شیم سسیکس] (A.M.T.Wittersham Sussex) توحید مطلق پر ایمان لانے کے بعد حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم میرے لیے مثالی کردار اور اسوئہ حسنہ ہیں میرا اسلام قبول کرنا صرف اور صرف اﷲکی طرف سے ہدایت کا نتیجہ ہے۔ اس ہدایتِ الٰہی کے بغیر سچ کی تلاش کے لیے تمام تر علم اور عمل انسان کو گمراہ ہی کر سکتا ہے۔ جونہی میں اﷲ کی وحدتِ کاملہ پر ایمان لایا، اس کے نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم میرے لیے مثالی کردار اور طرزِ عمل
[1] ۔ یہاں تخاطب مدیر اسلامک ریویو (Islamic Review) سے ہے۔ [2] ۔ اسلامک ریویو، ستمبر1933ئ، ج:21،ش: 9،ص:306