کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 226
مذاہب توحید کا پرچار کرتے ہیں ، اللہ کو قادر مطلق اور حاضر وموجود سمجھتے ہیں ۔ تینوں کاعقیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم، حضرت نوح، حضرت ابراہیم، حضرت موسیٰ، حضرت یعقوب اوردیگر انبیاء علیہم السلام کی وساطت سے اپنا پیغام بنی نوع انسان تک پہنچایا۔ زمین وآسمان کی تخلیقِ ربّانی کو بھی تینوں مذاہب مانتے ہیں ۔ ملائکہ، شیطان اور یوم حساب کا وجود بھی تینوں تسلیم کرتے ہیں ، اور یوم حساب کی سزا وجزا پر بھی ایمان رکھتے ہیں ۔ عیسائیت اور اسلام دونوں میں یہ عقیدہ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ کی قدرت سے بن باپ کے اپنی ماں کے بطن سے پیدا ہوئے۔ اُنھیں انجیل عطا کی گئی اور ان کے ہاتھوں کئی معجزات رونما ہوئے۔ تاہم عیسائیت اور اسلام کے درمیان ایک چیز باعث نزاع ہے کہ عیسائی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو خدا مانتے ہیں اور مسلمان انھیں صرف ایک نبی تسلیم کرتے ہیں ۔ مسلمانوں کی نظر میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو خدا کا بیٹا کہنا اللہ واحد کی توہین اور صریحاً کفر ہے۔ متی کی انجیل میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے خود فرمایا: ’’اور یہ دائمی زندگی ہے کہ وہ تجھ ہی کو واحد سچا رب مانیں اور عیسیٰ کو تیرا بھیجا ہوا (نبی) مانیں ۔‘‘[1] حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کی طرف سے فرستادہ ہونے کا اقرار کرکے خود کوالوہیت سے بالکل الگ کردیا۔ انجیل کا یہ حصہ قرآن حکیم کی اس آیت کے مطابق ہے: ((وَقَفَّيْنَا عَلَىٰ آثَارِهِم بِعِيسَى ابْنِ مَرْيَمَ مُصَدِّقًا لِّمَا بَيْنَ يَدَيْهِ مِنَ التَّوْرَاةِ ۖ وَآتَيْنَاهُ الْإِنجِيلَ فِيهِ هُدًى وَنُورٌ)) ’’اور ان کے پیچھے ہم نے عیسیٰ ابن مریم کو بھیجا جو اپنے سے پہلے کی کتاب تورات کی تصدیق کرنے والے تھے اور ہم نے انھیں انجیل عطا کی جس میں نور اور ہدایت تھی۔‘‘[2] ٭قبولِ اسلام : اسلام کے بارے میں مطالعہ کے دوران میں مجھے معلوم ہوا کہ اسلام خالص ترین شکل میں توحید سکھاتا ہے۔ اللہ کا کوئی ساجھی اور شریک نہیں ۔ وہ خالق ہے، محبت کرنے والا، سہارادینے والا اور تمام کائنات کا حاکم مطلق ہے۔ ہماری تمام تر پر خلوص عبادت اور احترام
[1] ۔ ا نجیل متی: 17/3 [2] ۔ المائدۃ : 46/5