کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 216
٭ اسلام کا نظریۂ اخوت رنگ و نسل اور عقیدے کے امتیاز کے بغیر پوری انسانیت کو محیط ہے۔ صرف اسلام ہی ایسا دین ہے جو عملی طورپر یہ اصول تسلیم کرانے میں کامیاب رہا ہے۔ دنیا میں جہاں کہیں بھی مسلمان آباد ہیں وہ سب اسلام کے اصول اخوت کی رو سے بھائی بھائی ہیں ۔ اللہ عزّوجل کے حضور تمام مسلمانوں میں عملی مساوات کا اظہار حج کے موقع پر احرام کی حالت میں ہوتا ہے جب گورے کالے سب ایک میدان میں ایک ہی لباس میں جمع نظر آتے ہیں ۔ ٭ اسلام مادے اور عقل دونوں کو مستقل قدریں گردانتا ہے۔ انسانی عقل وشعور کی افزائش لابدی طور پر جسمانی ضروریات سے منسلک ہے اور انسان کا طرز عمل ایسا ہو کہ عقل مادی معاملات کو کنٹرول کرے اور اُن پر عقل کو فوقیت اور برتری حاصل ہے۔ ٭ اسلام نے بہت پہلے شراب اور دیگر نشہ آور اشیاء کوممنوع قرار دے دیا۔ صرف اس اصول کی بنیاد پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ اسلام اپنے وقت سے کہیں آگے ہے۔ [1] [آر ایل میلما[2]، ماہر بشریات، مصنف و محقق - ہالینڈ] (R.L.Mellema, Anthropologist, writer and scholar- Holland) میں نے اسلام کیوں قبول کیا؟ اسلامک ریویو کے قارئین کے لیے اپنے قبول اسلام کے اسباب لکھتے ہوئے مجھے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ یہ اسباب بہت زیادہ اور متنوع ہیں ۔ بہر حال میں اپنی بات واضح کرنے کی کوشش کروں گا اس توقع کے ساتھ کہ میری تحریر کی فنی خامیوں کو آپ نظر انداز فرمادیں گے۔
[1] ۔ اسلام دی فرسٹ اینڈ فائنل ریلیجن، ص: 132-129 [2] ۔ ڈاکٹر آر ایل میلما اسلامک سیکشن آف دی ٹراپیکل میوزم (Islamic section of the Tropical Museum) (ایمسٹر ڈم) کے سربراہ رہے۔ وہ "Wayang Puppets Grondwet van Pakistan اور "Ein Interpretatie van de Islam" وغیرہ کتب کے مصنف ہیں ۔