کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 21
گیا ہے اور جو کچھ موسٰی ،عیسیٰ اور دیگر انبیاء علیہم السلام کو ان کے رب کی طرف سے دیا گیاہے اس پر بھی ایمان لاتے ہیں ۔ ہم ان انبیاء( علیہم السلام ) کے درمیان کوئی فرق نہیں کرتے اور ہم نے اﷲ کے حکم کے آگے سرِ تسلیم خم کر دیا ہے۔‘‘
محمد صلی اللہ علیہ وسلم سلسلۂ انبیاء کے آخری نبی ہیں اور اسلام بنی نوعِ انسان کے لیے اﷲ تعالیٰ کا آخری اور حتمی دین ہے۔ اس کا پیغام ’’قرآن‘‘ہے جو یومِ حشر تک کے لیے ایک جامع اور عالمگیر منبعِ ہدایت ہے جو انسانیت کے مسائل حل کرکے انسانوں کو اللہ تعالیٰ کی مرضی کے تابع بناتا ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:
((الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الْإِسْلَامَ دِينًا)) (المائدۃ 5/3)
’’آج میں نے تمھارا دین تمھارے لیے مکمل کر دیا اور اپنی نعمت تم پر تمام کردی اور میں نے اسلام کو تمھارے لیے بطور دین پسند کر لیاہے۔ “
اسلامی طرزِ زندگی قرآن مجید اور سنّت یعنی نبی ٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات، اقوال اور اعمال پر مبنی طرزِحیات کا نام ہے۔ قرآن حکیم ایک الہامی کتاب ہے جو حضرت جبرائیل علیہ السلام کے ذریعے 23سال کے عرصۂ نبوت میں اجزاء کی شکل میں نبی ٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوتی رہی۔ اسے آپ کے وفادار کاتبین وحی آپ کی محتاط نگرانی میں کھجور کے درخت کے چوڑے پتوں ، چمڑے کے ٹکڑوں اور ہڈیوں وغیرہ پر لکھتے رہے، علاوہ ازیں ہزاروں صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے اسے حفظ بھی کر لیا تھا۔ آج کل حُفّاظِ قرآن کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ قرآنِ کریم اﷲ تعالیٰ کاایسا کلام ہے جس کی کوئی مثال نہیں ہوسکتی۔ یہ گزشتہ چودہ صدیوں سے خالص شکل میں موجود ہے۔ یہ وہ وحی (صحیفہ) ہے جس کی صحت اور سند کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔ جیسا کہ ارشاد باری ہے:
((أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ الْقُرْآنَ ۚ وَلَوْ كَانَ مِنْ عِندِ غَيْرِ اللّٰهِ لَوَجَدُوا فِيهِ اخْتِلَافًا كَثِيرًا)) (النساء:82/4)