کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 17
دیباچہ
ایک ایسے نامور محقق کی کتاب کا دیباچہ لکھنا بلاشبہ ایک بڑا اعزاز ہے جو اپنے وطن پاکستان کے معروف صاحب قلم ہیں اور ان کی کتابیں دنیا کے معتبر کتب خانے ’لائبریری آف کانگریس‘ واشنگٹن ڈی سی (امریکہ) میں بھی محفوظ ہیں ۔
جناب محمد حنیف شاہد کی کتاب"Why Islam Is Our Only Choice " بطور محقق اُن کی زندگی بھر کی خدمت ِاسلام کا ایک حصہ ہے۔ یہ کتاب زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مختلف افراد کے قبولِ اسلام کے حوالے سے واقعاتِ زندگی ، تجربات، سابقہ عقائد، اسلام کے بارے میں تاثرات اور قبولِ اسلام کی وجوہات پر مبنی بیانات پر مشتمل ہے۔ جن لوگوں کے بیانات اس کتاب میں شامل کیے گئے ہیں اُن میں رؤسا، دانشور، معززین، سائنسدان، اعزاز یافتہ، با رسوخ افراد، پیشہ ور ماہرین، عام مرد اور خواتین، حتیٰ کہ اخلاق باختہ لوگ بھی شامل ہیں ۔ اس کتاب کا تحقیقی مواد کرۂ ارض کے طول و عرض میں پھیلی ہوئی مختلف قومیّتوں سے لیا گیا ہے اور یہ دو صدیوں سے زائد عرصے کا احاطہ کرتا ہے۔ دراصل یہ وہ مخلص لوگ ہیں جو اپنے مقصد حیات کو سمجھنے کے بعد اس حتمی سچائی تک آ پہنچے کہ ہم سب بہر طور ایک خالق کی ملکیت ہیں اور ہمیں اُ سی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ اُنھیں یقین ہو گیا کہ موجودہ زندگی محض عارضی ہے اور آگے ایک یوم ِ حساب ہو گا۔ جب ہر چیز پر قدرت رکھنے والے خالق کے مقرر کردہ معیار کے مطابق اعمال کو جانچا جائے گا، جو سب سے کامل ، ہمیشہ رہنے والا، تمام مخلوق کو تخلیق کرنے والا اور اسے پالنے والا ہے جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
((أَفَحَسِبْتُمْ أَنَّمَا خَلَقْنَاكُمْ عَبَثًا وَأَنَّكُمْ إِلَيْنَا لَا تُرْجَعُونَ)) (المومنون:23/115)