کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 16
اس کتاب کے مرتب پاکستان کے ایک محبوب فرزند جناب محمد حنیف شاہدہیں ،جو ایک نامورمحقق اور متعدد کتابوں کے مصنّف اور مرتّب ہیں ۔انھیں اسلام سے گہری محبت ہے۔ اُنھوں نے زندگی کا زیادہ عرصہ تعلیم و تعلم کے فروغ کے لیے صرف کیا ہے۔ ان سے میرا تعارف 1993ء میں ہوا۔اس مختصر عرصے میں اُن کی نیکیوں اور خوبیوں سے میں بہت متاثر ہوا ہوں ۔
اس انگریزی کتاب کا ترجمہ پروفیسر منور علی ملک نے کیا ہے۔ تصحیح اور پروف دیکھنے کی ذمّہ داری جناب محسن فارانی اور پروفیسر حافظ شوکت علی نے نبھائی۔ زیر نظر دوسرا ایڈیشن مزید اضافوں کے ساتھ شائع کیا جا رہا ہے۔ اس میں محسن فارانی صاحب نے جہاں محترم عبدالسلام ہینکن، عبداللہ اہیر اور حرا شہید، برینڈن یوسف ٹوروپوف، ثریا فاطمہ (سرویا) اور لاطینی امریکی نو مسلموں کے ایمان افروز واقعات شاملِ کتاب کیے ہیں ، وہاں تاریخ و سیاست سے متعلق مختصر توضیحی حواشی بھی لکھے ہیں ۔
انگریزی کتاب میں قرآن و حدیث کے عربی متن اور حوالوں کی کمی تھی، اردو ایڈیشن میں اس کی تحقیق و تخریج رکن ادارہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن ناصر نے انجام دے کر یہ کمی پوری کر دی ہے، نیز انھوں نے کتاب میں دی گئی عقل سے متعلق روایات کا تحقیقی جائزہ بھی لیا ہے۔ اسے تکمیلی مراحل تک پہنچانے کی ذمہ داری ارکان ادارہ مولانا محمد عثمان منیب اور مولانا منیر احمد رسولپوری اور حافظ محمد فاروق نے انجام دی۔جناب زاہد سلیم، عامر رضوان، ہارون الرشید اورابومصعب نے جانفشانی سے اغلاط سے پاک کمپوزنگ اور تزئین کی ہے۔
افسانوں سے زیادہ دلچسپ یہ کتاب اب آپ کے سامنے ہے۔دارالسلام اسے اس اُمید پر شائع کررہا ہے کہ یہ حق کی تلاش کرنے والوں کو اُن لوگوں کے تاثرات سے آگاہ کرے گی جنہیں اسلام کی شکل میں سچائی نصیب ہوگئی ہے اور وہ کی برکات سے مستفید ہورہے ہیں ۔
خادم کتاب و سنت
عبدالمالک مجاہد
مدیر: دارالسلام- الریاض، لاہور
جمادی الآخر 1427ھ / جون 2006ء