کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 15
کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟
مصنف: محمدحنیف شاہد
پبلیشر: دارالسلام
ترجمہ: پروفیسر حافظ شوکت علی
عرضِ ناشر
انسانیت پر اﷲ تبارک وتعالیٰ کی عنایات بے شمار ہیں لیکن سب سے بڑی عنایت دین ِاسلام ہے۔ جن لوگوں کو یہ نعمت عطا کی گئی ہے وہ نہایت خوش نصیب ہیں ۔ واقعہ یہ ہے کہ انسان کو ایمان کا سیدھا راستہ مل جائے تو وہ دولت، اقتدار اور شان و شوکت جیسی چیزوں کو ناقابلِ توجہ سمجھتا ہے۔ اسلام انسانیت کے لیے دنیا اور آخرت دونوں میں نفع بخش ثابت ہوتا ہے۔ دنیا میں یہ نیکی اور بھلائی کا ذریعہ ہے کیونکہ یہ انسان کو نیک زندگی گزارنے کا طریقہ سکھاتا ہے، اس کے ذہن کو بلند سوچ اور اخلاقی معیار عطا کرتا ہے اور اُسے تاریکی سے نکال کر روشنی میں لے آتا ہے۔ جہاں تک آخرت کا تعلق ہے، اسلام وہاں اسے لذّت اور مسرت کے ہر سامان سے آراستہ جنت عطا کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔
زیر مطالعہ کتاب"Why Islam Is Our Only Choice"(اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟) میں اُ ن خوش نصیبوں کے ذاتی تاثرات و مشاہدات یکجا کیے گئے ہیں جنھیں اسلام کی نعمت عطا ہوئی۔ اس میں اُ ن لوگوں کی زبانی تفصیل سے یہ بتایا گیا ہے کہ وہ اسلام سے اس قدر متاثر کیونکر ہوئے کہ اُ نھوں نے اپنے آباؤ اجداد کے مذاہب کو چھوڑنے کا بہت بڑا اور انتہائی مشکل فیصلہ کر ڈالا۔ اس سے یہ صاف ظاہر ہے کہ اسلام ہی واحد دین ہے جسے روزانہ بہت بڑی تعداد میں لوگ قبول کر رہے ہیں ۔اپنے آبائی دین سے دینِ اسلام کی طرف آنے والے یہ لوگ معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھتے ہیں مگر اس کتاب میں زیادہ تر پڑھے لکھے اور باشعور لوگوں کی آراء شامل کی گئی ہیں ۔