کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 141
گے کہ میرے نزدیک صرف اسلام ہی حتمی صداقت اور سچائی ہے۔میرے شعبۂ صحافت سے وابستہ ہونے اور کتابوں کا مصنف ہونے کی وجہ یہ ہے کہ ان وسائل کے ذریعے سے میں اپنے مسلمان بھائیوں کے دُکھوں میں اُن کی مدد کر سکوں گا۔ [علی احمد نود ہولمبو] (Ali Ahmad Knud Holmboe) میں مسلمان کیوں ہوا ؟ [ مسٹر ہولمبو(Mr.Holmboe) ڈنمارک کے رہنے والے ہیں اور اپنے ملک کے ایک نامور صحافی ہیں ۔ وہ بہت سی کتابوں کے مصنف ہیں جن میں سے تازہ ترین کتاب اورکینن برینڈر (Orkenen Braender) 1931ء میں کوپن ہیگن کے ناشر سی اے رائٹنرلز فورلاگ (C.A.Reitzels Forlag) نے شائع کی ہے۔ ڈنمارک کے پریس نے اس کتاب کو بہت سراہا ۔ یہ کتاب اہلِ یورپ کے اس جھوٹے دعوے کو بے نقاب کرتی ہے جو ’’ وحشیوں کو تہذیب و ثقافت سکھانے‘‘ کے بہانے مشرقی ممالک کو اپنے قبضے میں رکھنا چاہتے ہیں ۔ ہم اس رسالے کے کسی آیندہ شمارے میں اس مضمون کے مصنف کا مکمل تعارف مع تصویر چھاپنے کا اعزاز بھی حاصل کریں گے۔ قارئین کی دلچسپی کے لیے اطلاعاً عرض ہے کہ مسٹر ہولمبو آج کل عمّان (ٹرانس جارڈن یعنی شرقِ اردن)[1] میں ہیں اور وہاں 1932 ء کے حج کے لیے حجاز مقدس جانے کی خاطر ویزے کے حصول کے منتظر ہیں ۔ (مدیر: اسلامک ریویو)] اسلام کے حُسن سے میں پہلی مرتبہ القدس میں متاثر ہوا۔ اس سے پہلے اسلام کے متعلق میرا علم وہی کچھ تھا جو تقریباً تمام یورپ میں پڑھایا جا رہا ہے کہ خاتم النبیین حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم نے (نعوذ باﷲ) عیسائیت اور یہودیت کا چربہ اتارا ہے اور جس دین کی بنیاد آپ نے رکھی وہ ایک وحشیانہ اور جاہلانہ مذہب ہے جس کا مقصد بے چارے عیسائیوں بالخصوص آرمینیا کے لوگوں کا قتل عام ہے۔
[1] ۔ شرق اردن، برطانیہ کے تسلّط سے 1946ء میں آزاد ہوا۔ پہلی عرب اسرائیل جنگ (1948ء) میں غرب اردن (مغربی کنارہ) کے انضمام سے وہ صرف ’’اردن‘‘ کہلانے لگا۔ اگرچہ غرب اردن کا فلسطینی علاقہ اور بیت المقدس اسرائیل نے جون 1967ء کی جنگ میں چھین لیے مگر وہ بدستور اردن کہلاتا ہے۔ (م ف)