کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 140
٭ اسلام جو میرے ایمان کے مطابق خالص توحید (اللہ واحد پر ایمان) ہے ،جس کے بارے میں قرآن ہمیں بتاتا ہے کہ یہی وہ راستہ ہے جس سے انسان رب تعالیٰ کے رُوبرو جا کر جنت حاصل کر سکتا ہے۔ اس لیے میرادرج ذیل باتوں پر کامل ایمان ہے: ٭ اﷲ کی وحدانیت پر ایمان جیسا کہ سورۃ الاخلاص میں مذکور ہے۔ ٭ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت پر اور حامل قرآن ہونے پرایمان کہ ان پر اﷲ کی طرف سے قرآن نازل ہوا جس کی تعلیمات ہی بنی نوع انسان کو حقیقی خوشی سے ہم کنار کر سکتی ہیں بشرطیکہ وہ ان پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کرے۔ ٭ پانچ وقت کی نماز پرایمان یعنی اﷲ کی طرف کامل توجہ جس کی پابندی انسان کو نیک اور پاکیزہ زندگی گزارنے کے قابل بناتی ہے۔ ٭ ہر قسم کی نشہ آور چیز وں کی ممانعت پرایمان کیونکہ اﷲ نے جسم کو رُوح کا مسکن بنایا ہے، لہٰذا اس کی صحت کو برقرار رکھناہمارا فرض ہے۔ ٭ حج کے رکن اسلام ہونے پرایمان جو بڑے سے بڑے معزز اور صاحب اقتدار انسان کو بھی رُوح کی پاکیزگی کے لیے سادہ زندگی اپنانے پر مجبور کر دیتا ہے۔ ٭ اﷲ کے بھیجے ہوئے تمام انبیاء علیہ السلام پر ایمان مگر چونکہ قرآن سے پہلے نازل شدہ آسمانی کتابوں اور صحف میں انسانی ہاتھوں نے تحریف کر دی ہے، لہٰذا اب قرآن حکیم ہی انسانیت کے لیے واحد اور آخری رہنما کتاب ہے۔ ان تمام باتوں پر میرا ایمان ہے اور میرا یہ مصمم ارادہ ہے کہ اپنی عملی زندگی میں احکام ِ الٰہی کی پابندی کرنے کی پوری کوشش کروں گا اور اس پابندی سے مجھے جو رُوحانی نور عطا ہوگا اس سے دُکھی انسانیت کو حق سے آگاہ کرتا رہوں گا۔ محترم قارئین! میں نے چند سطور میں یہ واضح کرنے کی کوشش کی ہے کہ میں کیونکر مسلمان ہوا۔ آپ چونکہ میرے مسلمان بھائی ہیں ، لہٰذا مجھے امید ہے کہ آپ میری یہ بات سمجھ جائیں