کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 139
شیوخ کی پرستش کی جاتی ہے لیکن یہ تعلیماتِ اسلام کے سراسر منافی ہے، جیسا کہ نودہولمبو ہمیں بتاتے ہیں کہ اسلام میں عبادت صرف ایک اللہ ہی کی جائز ہے۔‘‘
سویڈن کے اخبار ’’گوٹ برگ ہینڈلس‘‘ نے لکھا ہے:
’’ان (نود ہولمبو) کا دل کی گہرائیوں سے یہ یقین ہے کہ مستقبل صرف اسلام کا ہے کیونکہ عیسائیت ناکام ہوگئی ہے۔ اگر ان سے پوچھیں کہ وہ مسلمان کیوں ہوئے؟ تو اس سوال کا جواب اس کتاب میں موجود ہے۔ وہ کہتے ہیں :
’’مجھے یقین ہے کہ انسانیت کو حقیقی مسرت اور اطمینان صرف حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی آسمانی تعلیمات پر عمل کرکے ہی نصیب ہوسکتا ہے۔ عیسائیت پر ایسے متعصبانہ نظریات کا غلبہ ہے جو میری سمجھ میں آتے ہیں نہ مجھے ان کی ضرورت کا کوئی جواز نظر آتا ہے جبکہ اسلام خود زندگی ہے۔ عیسائیت مٹ جائے گی کیونکہ اس کی کوئی ٹھوس بنیاد موجود نہیں ۔ اسلام ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ ایک مسلمان کی رائے میں ترقی صرف انسان کے خارجی وجود کی ترقی ہی نہیں ۔ ترقی تہذیب میں مضمر ہے نہ فنی اور سائنسی پیش رفت میں بلکہ مادی دنیا کی ہر طرح کی غلامی سے انسانی روح کی آزادی ہی اصل ترقی ہے۔ نودہولمبو بتاتے ہیں کہ اسلام اسی کا نام ہے اور یہ کتاب پڑھنے کے بعد ہمیں بھی اپنی نام نہاد تہذیب کی ترقی مشکوک نظر آتی ہے۔‘‘
میں نے یہاں آپ کو اپنے قبول اسلام کے خارجی اسباب کے بارے میں بتایا ہے۔ داخلی اسباب کو بیان کرنا میرے بس میں نہیں ۔ میں آپ کو صرف یہ بتا سکتا ہوں کہ اسلام پر میرا پختہ ایمان ہے اور اگر اﷲ مجھے گمراہ ہونے سے بچا لے تو یہ ایمان کبھی متزلزل نہیں ہو گا۔ میرے خیال میں انسانیت کے مستقبل کے بارے میں دو امکانات ہیں :
٭ روس جیسی دہریت جہاں مشینیں خدا سمجھی جاتی ہیں اور جہاں لوگوں کی تمام تر ذہنی ترقی کے باوجود بالآخر ہر چیز کی تباہی یقینی ہے۔[1]
[1] ۔ روس میں نومبر1917ء میں کمیونسٹ انقلاب آیا اور دہریت رائج ہوئی۔ 1949ء میں کمیونسٹ روس ایٹمی طاقت اور سپر پاور بن گیا۔ آخر کار دسمبر 1991ء میں سوویت یونین (کمیونسٹ روس) کے ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے۔ ( م ف)