کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 121
محسوس نہ کرے اور کچھ عرصہ تک اسے کاشت نہ کرے تو وہ زمین خود بخود سرکاری ملکیت بن جاتی ہے اور اسلامی طریقے کے مطابق اس آدمی کو ملتی ہے جو اسے کاشت کرے۔ اسلام اہل ایمان کو جوا اور اس طرح کے ہر کھیل سے منع فرماتا ہے۔ یہ شراب کی تمام اقسام اور سود خوری کو بھی ممنوع قرار دیتا ہے جو کہ بذات خود انسانیت کے لیے بہت زیادہ تکلیف دہ اور مصیبت کا باعث ہے۔ اس طرح اسلام میں کوئی آدمی کسی غریب یا کمزور سے ناجائز فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔ ہمیں نظریہ جبر پر یقین نہیں ہے بلکہ ہم تقدیر پر یقین رکھتے ہیں یعنی اللہ تعالیٰ کے قوانین معین ہیں اور ان پر عمل کرنے کے لیے عقل ایک قندیل کا کام دیتی ہے۔ہمارے نزدیک عمل کے بغیر ایمان ناقص ہے۔ ہمارا یہ ایمان ہے کہ ہم اپنے ذاتی اعمال کے متعلق دنیا اور آخرت دونوں میں جواب دہ ہیں ۔ ٭خواتین کی مساوات کا مسئلہ: اسلام ہمیں یہ بتاتا ہے کہ فطری اور موروثی طورپر بچہ معصوم پیدا ہوتا ہے اور مرد و عورت کی اصل ایک ہے۔ ان کی روح بھی ایک ہے (اور انھیں قدرت نے دنیوی امور میں اگرچہ ایک دوسرے سے مختلف صلاحیتیں عطا کی ہیں لیکن) جہاں تک علمی فضائل اور اخلاقی و روحانی مدارج حاصل کرنے کا تعلق ہے، اس میں مرد و عورت کے درمیان کوئی فرق ہے نہ اسلام نے اس معاملے میں امتیاز برتا ہے۔ دونوں زیادہ سے زیادہ علمی، روحانی اور اخلاقی مدارج حاصل کر سکتے ہیں ۔ میں نہیں سمجھتا کہ اخوت اسلامی کے بارے میں کچھ زیادہ کہنے کی ضرورت ابھی باقی ہے۔ یہ ایک مسلمہ امر ہے کہ آقا اور غلام، امیر اور غریب سب برابر ہیں ۔ میں نے ہمیشہ دیکھا کہ میرے مسلمان بھائی اس قدر صادق اور دیانتدار ہیں کہ میں ان کی بات پر یقین کرسکتا ہوں ۔ انھوں نے مجھ سے ہمیشہ بحیثیت انسان اور بحیثیت بھائی منصفانہ سلوک کیا ہے اور میری مہمان نوازی کی ہے اور میں ان میں رہ کر خود کو اپنوں میں محسوس کرتا ہوں ۔ آخرمیں ، میں یہ کہنا چاہوں گا کہ جہاں اسلام انسانیت کو روزمرہ زندگی کے بارے میں مکمل رہنمائی دیتا ہے وہاں آج کی نام نہاد عیسائیت نظریاتی اور عملی طورپر اپنے پیروکاروں کو اتوار کے