کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 118
چارلس ایڈورڈ آرچیبالڈ واٹکنز ہیملٹن (Sir Charles Edward Archibald Watkins Hamilton) پہلے بیرونیٹ (چھوٹے درجے کے نواب 1776ء) کے پانچویں جانشین اور دوسرے بیرونیٹ (1819ئ) کے تیسرے جانشین تھے۔ انھیں یہ نوابی 1915ء میں ان کے والد سر چارلس ایڈورڈ ہیملٹن (Sir Charles Edward Hamilton) کی وفات کے بعد ورثے میں ملی۔ آپ 10دسمبر 1876ء کو پیدا ہوئے۔ اگست 1914ء کو وہ فوج کی رائل ڈیفنس کور (Royal Defence corps) میں بطور لیفٹیننٹ بھرتی ہوئے اور ریکروٹنگ آفیسر رہے۔ اس کے علاوہ آپ فوج میں قابل ذکر عہدوں پر رہے اور بالآخر سیلسے کی کنزرویٹوِ ایسوسی ایشن (Selsey Conservative Association) کے صدر بنے۔ آپ نے 1897ء میں ریئر ایڈمرل سر ایڈولفس فٹز جارج کے سی وی او (Sir Adolphus Fitzgeorge K.C.V.O) کی اکلوتی صاحبزادی اور فیلڈ مارشل ایچ آر ایچ بعد میں ڈیوک آف کیمبرج (Duke of Cambridge)کی نواسی اور ملکہ وکٹوریہ کی حقیقی چچا زاد سے پہلی شادی کی اور دوسری شادی 1906ء میں وڈ فورڈہرٹ فورڈ شائر(Widford Hertfordshire) کے جارج چائلڈ کی اکلوتی بیٹی الگوسٹا مارجری بلینچ (Algosta Marjorie Blanch) سے کی۔ پہلی بیوی سے آپ کا ایک بیٹا جارج ایڈورڈ آرچی بالڈ آگسٹس فٹنر جارج (George Edward Archibald Augustus Fitzgeorge)، 1898ء میں پیدا ہوا جس کے بپتسمہ کی رسم کی سرپرستی بعد میں بادشاہ جارج (George) اور ملکہ میری(Mary) نے کی اور بنفس نفیس اس رسم میں شرکت بھی کی۔ یہ صاحبزادہ 1918ء میں گرینیڈیئر گارڈز (Grenadier Guards)میں لیفٹیننٹ کی حیثیت سے فلانڈرس (Flanders) کے مقام پر جنگ میں مارا گیا۔ 1927ء میں دوسری بیوی کی وفات پر سر آرچیبالڈ نے تیسری شادی کی۔ سر آرچیبالڈ، ولیم ہیملٹن (William Hamilton) کے خاندان کے چشم و چراغ تھے۔ کینٹ کے چھ درخواست گزاروں میں آپ شامل تھے۔ ڈونالاون (Donalon) کے سر جیمز ہیملٹن (Sir James Hamilton) کے بھائی تھے اور براہ راست ڈیوک آف ایبرکارن (Duke of Abercorn) اور پیزلے (Paisley) کے بیرن ہیملٹن (Baron Hamilton) کی نسل سے تھے جس نے سکاٹ لینڈ کے شاہ جیمز دوم کی صاحبزادی میری سے شادی کی تھی۔