کتاب: اسلام ہی ہمارا انتخاب کیوں ؟ - صفحہ 110
اور سچا مسلمان بن کر دکھاؤں ۔[1] [اے آر سٹینلے اینین، برطانیہ] (A.R.Stanley Anyan,U.K) میں مسلمان کیوں ہوا؟ دین اسلام کی پاکیزگی اور سادگی، اس کے انتہا پسندانہ نظریات اورمصنوعی پاپائی عقائد سے مبرا ہونے اور اس کی نمایاں سچائی نے مجھے خاص طورپر متاثر کیا۔ مسلمانوں کی دیانت داری اور خلوص کا بھی عیسائیت میں کوئی جواب نہیں ۔ عام عیسائی اتوار کے دن مذہب کا لبادہ پہنتے ہیں ، وہ بھی ایک معزز عادت کے طورپر۔ اتوار گزر جائے تو ہفتہ بھر کے لیے مذہب کو سردخانے میں ڈال دیا جاتا ہے۔ اس کے برعکس مسلمانوں کے ہاں دنوں کا کوئی فرق نہیں پایا جاتا۔ مسلمان ہمیشہ اس سوچ میں رہتا ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے وہ کیا کچھ کرسکتا ہے؟ اسلام کا ایک اور حسین پہلو مساوات ہے۔ جس طرح اسلام نے انسانوں کو مساوی درجہ دیا ہے، کوئی دوسرا مذہب ایسی مثال پیش نہیں کرسکتا۔ دین اسلام وحدت پیدا کرتا ہے۔ میں نے خود اہل ایمان کو نماز پڑھتے اور عبادت کرتے دیکھا ہے۔ وہ صرف ایک امام کی اقتدا کرتے ہیں ۔ اس کے ساتھ رکوع و سجود کرتے ہیں ۔ اسی وجہ سے میں نے اسلام قبول کیا۔ ایک اور خوش آیند بات یہ ہے کہ اسلامی احکام میں مقام اور مرتبے کوکوئی دخل نہیں ہے۔ بادشاہ بھی فقیر کے ساتھ کھڑے ہوکر نماز ادا کرتا ہے۔ علاوہ ازیں دین اسلام سب سے صاف ستھرا دین ہے کیونکہ مسلمانوں کو دن میں پانچ دفعہ وضو کرکے پاک صاف ہونا پڑتا ہے جس کی دنیا کے کسی اور مذہب میں مثال نہیں ملتی۔[2] [اے ڈبلیو ایل فان کوئلن برگ، المعروف ایم اے رحمن] (A.W.L.Van Kuylenburg, Known as M.A.Rahman)
[1] ۔ اسلامک ریویو، اپریل1936ء، ج:24،ش:4،ص:140,139 [2] ۔ اسلامک ریویو،فروری1941ء، ج:29، ش:2، ص:50