کتاب: اصلاحی جلسوں کی اصلاح کی ضرورت - صفحہ 2
کتاب: اصلاحی جلسوں کی اصلاح کی ضرورت
مصنف: اسعد اعظمی
پبلیشر: مجلس ندائے وقت مئوناتھ بھنجن
ترجمہ:
اصلاحی جلسوں کی اصلاح کی ضرورت
اس میں کوئی شک نہیں کہ دینی جلسوں کی بڑی شاندار تاریخ رہی ہے۔ان جلسوں کا معاشرے اور عوام دونوں کی اصلاح میں بڑا نمایاں کردار رہا ہے۔جادہ حق سے منحرف لوگوں کو شاہراہ حق پر واپس لانے،ضلالت و گمراہی،فسق و فجور اور بد عملی کی زندگی گزار رہے افراد کو صراط مستقیم پر لا کھڑا کرنے کا ان جلسوں نے جو کارنامہ انجام دیا ہے اسے بھلا کیسے بھلایا جا سکتا ہے۔ہمارے علماء و اسلاف جو علم و عمل دونوں کا پیکر ہوا کرتے تھے انہوں نے اس باب میں ایسے نقوش چھوڑے ہیں جن سے ہماری دعوتی تاریخ کے صفحات روشن ہیں۔شیخ الاسلام مولانا ثناء اللہ امرتسری،حضرۃالعلام مولانا ابو القاسم سیف بنارسی،مولانا محمد حسین میرٹھی،مولانا محمدجونا گڈھی،مولانا عبدالرؤف رحمانی و غیرھم رحمہم اللہ کے جلسوں اور تقریروں کی خوش گوار یادیں آج بھی سن رسیدہ حضرات و خواتین کے قلوب و اذہان کو سرور پہنچاتی ہیں۔
دینی جلسوں اور دعوتی کانفرنسوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے جو امت کی بیداری اور فرض شناسی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے فریضہ کی ادائیگی کا حوصلہ رکھنے والوں اور احقاق حق اور ابطال باطل کے جذبہ سے سرشار افراد کا وجود آج کے اس مادی دور میں ازبس غنیمت ہے۔اللہ تعالیٰ ان کی نیتوں میں خلوص اور ان کی تعداد میں