کتاب: انکارِحدیث کا نیا روپ جلد 2 - صفحہ 65
حیات صحابہ پر چند معروف تصانیف
ائمہ حدیث نے معرفت صحابہ کی اہمیت اور علمی فوائد کے پیش نظر ابتدا ہی سے اس فن پر متعدد کتب تصنیف کی ہیں۔ ان ائمہ میں علی بن المدینی، امام بخاری، امام مسلم، امام ترمذی، امام ابو داؤد السجستانی، مطین، ابوبکر بن ابی داؤد، عبدان، ابو علی سعید بن عثمان بن السکن، ابو حفص عمر بن احمد المعروف باب شاھین (385ھ)، ابو منصور الباوردی، ابو حاتم ابن حبان (ایک جلد)، ابو العباس الدغولی، ابو نعیم الأصبہانی، ابو عبداللہ ابن مندہ، ابو عمر بن عبدالبر، ابو الحسن محمد بن صالح الطبری، ابو القاسم عبداللہ بن محمد البغوی، ابو القاسم العثمانی، ابو الحسن، ابن قانع، ابو القاسم الطبرانی (360ھ)، ابو جعفر العقیلی محمد ابن عمرو بن موسیٰ المکی، الأزرق، الدولابی، العز ابو الحسن علی بن محمد الجزری ابن الاثیر، ابو احمد العسکری، ابو القاسم عبدالصمد بن سعید الحمصی، محمد بن الربیع الجیزی، ابو محمد عبداللہ بن علی ابن الجارود، الحافظ عبدالغنی بن عبدالواحد المقدسی، خلیفہ ابن خیاط، محمد بن سعد، ابو یوسف یعقوب بن سفیان الفسوی (277ھ)، ابوبکر احمد بن ابی خیثمہ (279ھ) اور ابن حجر عسقلانی وغیرہم رحمہم اللہ کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں۔
ان مصنفین میں سے امام علی بن المدینی کی کتاب کا نام ’’معرفة من نزل من الصحابة سائر البلدان‘‘ ہے، یہ کتاب پانچ اجزاء پر مشتمل ہے۔ محمد بن سعد کی کتاب ’’الطبقات الکبریٰ‘‘ کے نام سے یورپ وغیرہ میں دس سے زیادہ جلدوں میں شائع ہو چکی ہے۔ ابو موسیٰ المدینی نے ابو عبداللہ ابن مندہ کی کتاب پر ’’ذیل‘‘ مرتب کیا تھا۔ حافظ طبری رحمہ اللہ کی کتب کا نام ’’السمط الثمين في مناقب امهات المومنين‘‘ اور ’’الرياض النضره في مناقب العشرة‘‘ ہے جو مصر سے طبع ہو چکی ہے۔ ابو عمر ابن عبدالبر رحمہ اللہ کی کتاب کا نام ’’الاستيعاب في أسماء الاصحاب‘‘ ہے۔ اس پر ’’ذیل‘‘ مرتب کرنے والوں میں ابی اسحاق ابن الامین رحمہ اللہ اور ابی بکر ابن فتحون رحمہ اللہ ہیں۔ محمد بن یعقوب بن محمد بن احمد الخلیلی رحمہ اللہ نے ’’الاستیعاب‘‘ لابن عبدالبر رحمہ اللہ کا اختصار ’’إعلام الإصابة بأعلام الصحابة‘‘ کے نام سے مرتب کیا ہے۔ العز ابو الحسن علی بن محمد الجزری ابن الاثیر رحمہ اللہ کی کتاب کا نام ’’اسد الغابۃ‘‘ ہے۔ امام نووی اور علامہ کاشغری رحمہما اللہ نے اس کا اختصار مرتب کیا ہے، امام ذہبی رحمہ اللہ نے بھی ’’التجرید‘‘ کے نام سے اس کی تجرید فرمائی ہے۔ ناظم رحمہ اللہ نے اس میں بہت سے اسماء صحابہ کا اضافہ کیا ہے حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ کی کتاب کا نام ’’الإصابة في تمييز الصحابة‘‘ ہے جو چار جلدوں میں طبع ہو چکی ہے۔ مزید تفصیلات کے لئے حاشیہ [1] کے تحت درج شدہ کتب کی طرف رجوع فرمائیں۔
٭٭٭
[1] الاستیعاب للقرطبی المالکی: 1/10، الاصابۃ فی تمییز الصحابۃ لابن حجر: 1/3-5، فتح المغیث للعراقی: ص 342-343، فتح المغیث للسخاوی: 4/75-76، تدریب الراوی للسیوطی: 2/207-208، مقدمۃ تحفۃ الاحوذی للمبارکفوری: 149-150