کتاب: انکارِحدیث کا نیا روپ جلد 1 - صفحہ 53
مصروفیات سے وقت بچا بچا کر نہایت صبر و تحمل کے ساتھ بحث کی ترتیب اور مراجع و مصادر کے مقابلہ میں مسلسل معاونت نہ فرماتیں – اللہ عزوجل ان تمام محسنین و معاونین کو جزائے خیر عطا فرمائے، آمین۔ اللہ عزوجل ہی بہتر جانتا ہے کہ ماہ شوال 1410ھ سے آج تک راقم نے اس بحث کی ترتیب میں کس قدر مشقت اٹھائی ہے، لہٰذا قوی امید رکھتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس حقیر سی کوشش کو مشکور فرما کر خیر کثیر کا ذریعہ بنائے گا اور حدیث کے بارے میں جو لوگ سبیل المؤمنین سے بھٹک گئے ہیں یا جن کے دلوں میں ذخیرہ احادیث کے محفوظ ہونے یا اس کی حجیت کے متعلق کسی قسم کا اشتباہ پیدا ہو چکا ہے ان کے لئے مشعل راہ بنائے گا، نیز سنت نبوی کو زندہ و مستحکم کرنے والوں اور اس پر عمل پیرا ہونے والوں کے لئے ایک ایسا مضبوط ہتھیار بنائے گا جس سے وہ موجودہ اور آئندہ ادوار میں اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کا دفاع موثر طریقہ پر کر سکیں اور اس ضمن میں پیدا ہونے والے تمام مشکوک و شبہات کا ہر ممکن طریقہ پر ازالہ کر سکیں۔ اختتام پر امید کرتا ہوں کہ اللہ عزوجل اس بحث کے ذریعہ راقم کو اپنی لازوال نعمتوں اور اجر عظیم سے نوازے گا اور اس ناچیز کو بھی اپنے دین حنیف کے محافظوں اور اپنی شریعت مطہرہ کے حامیوں کی صف میں شامل فرمائے گا، إنه سميع مجيب 15 جمادی الثانی 1415ھ مطابق 18 نومبر 1994ء غازی عزیر مركز الأبحار والتطوير والتدريب ص ب ’’8284‘‘ الجبيل – 31951 (الممكة العربية السعودية)