کتاب: ایمان کا نور اور نفاق کی تاریکیاں - صفحہ 101
خلاصۂ کلام یہ ہے کہ نفاق اصغر مکمل طور پر ظاہر و باطن‘ دل و زبان اور دخول وخروج کے اختلاف پر مبنی ہے، اسی لئے سلف کی ایک جماعت نے کہا ہے : ’’نفاق کا خشوع یہ ہے کہ تم دیکھو کہ جسم سے تو خشوع کا اظہار ہورہا ہے لیکن دل خشوع سے خالی ہے۔‘‘[1] یہ نفاق دین اسلام سے خارج نہیں کرتا‘ بلکہ یہ (اصل) نفاق سے کمتر نفاق ہے، کیونکہ حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہماسے روایت ہے ‘وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’أربع من کن فیہ کان منافقاً خالصاً ومن کانت فیہ خصلۃ منھن کانت فیہ خصلۃ من النفاق حتی یدعھا: إذا حدث کذب، وإذا عاھد غدر، وإذا وعد أخلف، وإذا خاصم فجر‘‘[2]
[1] دیکھئے: جامع العلوم والحکم لابن رجب ۲/۴۸۰-۴۹۵، انھوں نے موضوع کی کما حقہ وضاحت کی ہے اور بہت سارے فوائد ذکر کئے ہیں ، لہٰذا رجوع کریں ، نیز دیکھئے: مجموعۃ التوحید، ص۷۔ [2] متفق علیہ: بخاری، کتاب الایمان، باب علامۃ المنافق ۱/۱۷، حدیث نمبر:(۳۴) ومسلم، کتاب الایمان، باب بیان خصال المنافق ۱/۷۸، حدیث نمبر:(۵۸)۔