کتاب: علم حدیث میں اسناد و متن کی تحقیق کے اصول محدثین اور فقہاء کے طرز عمل کی روشنی میں - صفحہ 17
مفسرین کرام رحمہم اللہ نے صحیح اور غیر صحیح تفسیر کی دو اقسام بیان کی ہیں: سنی تفسیر، بدعی تفسیر
اور بعض فقہاء عظام رحمہم اللہ نے مسنون یا غیر مسنون طلاق کی دو اقسام اسی استعمال کے پیش نظر یوں کی ہیں : سنی، بدعی
بدعت لغت میں نئے کام کو کہتے ہیں اور شرع میں دین وشعائر ِدین میں لوگوں کے ایجاد کردہ کسی ایسے قول وفعل کو کہتے ہیں جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ عليہ وسلم کے صحابہ رضی اللہ عنہم سے منقول نہ ہو ۔ ۱۰۳؎
٭ ’سنت‘ کا اطلاق صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے اقوال وافعال پر بھی ہوتا ہے اور اس کی دلیل یہ فرمانِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے :
(( علیکم بسنتی وسنۃ الخلفاء الراشدین المھدیین)) ۱۰۴؎
’’تم میری سنت اور ہدایت یافتہ خلفائے راشدین کی سنت کو لازم پکڑو۔ ‘‘
٭ اَثر
لغوی مفہوم
لغت میں کسی چیز کے باقی نشانوں کو ’اثر‘ کہتے ہیں ۔
٭ مولانا عبد الحیٔ لکھنوی رحمہ اللہ (م ۱۳۰۴ ھ) لکھتے ہیں:
وأما الاثر فھو لغۃ البقیۃ من شیء یقال:أثر الدرر لما بقی منہا۱۰۵؎
’’لغت میں اثر کسی چیز کے باقی حصے کانام ہے ، اثر الدار اس چیزکے لیے بولا جاتا ہے جو گھر میں باقی رہ گئی ہو ۔ ‘‘
ماثورہ بھی اثر سے ہی ماخوذ ہے جس کا معنی منقولہ ہے ۔۱۰۶؎
٭ امام سیوطی رحمہ اللہ (م ۹۱۱ ھ) نے نقل فرمایا ہے:
’’أثرت الحدیث اس معنی میں بولا جاتا ہے کہ میں نے حدیث کو روایت کیا اور محدث کو بھی اثر کی طرف نسبت کی وجہ سے ہی اثری کہا جاتا ہے ۔‘‘ ۱۰۷؎
٭ امام راغب رحمہ اللہ (م ۵۰۲ ھ)فرماتے ہیں :
’’ کسی شے کا حاصل ہونا جو اصل شے کے وجود پر دال ہوبھی ’اثر‘ کہلاتا ہے۔ اثر کی جمع آثار آتی ہے ۔ قرآن پاک میں ہے:
﴿ فَانْظُرْ إِلٰی آثٰارِ رَحْمَۃِ اللّٰہِ ﴾ ۱۰۸؎
﴿ ثُمَّ قَفَّیْنَا عَلٰی آثٰارِ ھِمْ بِرُسُلِنَا ﴾ ۱۰۹؎
﴿ وَآثٰارًا فِی الْاَرْضِ ﴾ ۱۱۰؎
﴿ فَھُمْ عَلٰی آثٰارِھِمْ یُھْرَعُوْنَ ﴾ ۱۱۱؎
﴿ قَالَ ھُمْ اُولَائِ عَلٰی اَثَرِیْ ﴾ ۱۱۲؎
أثرت العلم آثرہ اثر اثارۃ واثرۃکے معنی ہیں:علم کو روایت کرنا۔ دراصل اس کے معنی نشانات علم تلاش کرنے ہوتے ہیں اور آیت ﴿ أَوْأَثٰارَۃٍ مِّنِ الْعِلْمِ ﴾ ۱۱۳؎ میں أثارۃ سے مراد وہ علم ہے جن کے آثار تاحال روایت یا تحریر کی وجہ سے باقی ہوں ۔ ایک قراء ت أَثَرَۃٍ بھی ہے یعنی اپنے مخصوص علم سے انسانی مکارم جو نسلاً بعد نسل روایت ہوتے چلے آئے ہیں ۔‘‘ ۱۱۴؎
اصطلاحی تعریف
محدثین کرام رحمہم اللہ کی اصطلاح میں لفظ ِ اثر حدیث کے مترادف بھی استعمال ہوتا ہے اور مغایر بھی ۔ یعنی لفظ ِاثر کے متعلق محدثین