کتاب: اجتماعی نظام - صفحہ 2
سیاسی نظام
(115) عورت کا جماعت کروانا اور حکومت کرنا؟
السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ
عورت کا جماعت کرانا درست ہے یا نہیں؟ عورت کو جماعت کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا تھا یا نہیں؟ یہ جماعت کس مجبوری کے تحت کرائی گئی تھی؟ دوسرا مسئلہ عورت کی سربراہی کا ہے۔ آیا عورت سربراہ ہے یا نہیں؟ اس کے لیے کوئی ٹھوس ثبوت تحریر کریں۔ (سائل: محمد علی الحدید بازار مغل مارکیٹ لاہور)
الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ!
الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد!
عورت عورتوں کی جماعت فرض اور نفلی دونوں میں نمازوں میں کرا سکتی ہے۔ مگر وہ مرد امام کی طرح آگے کھڑی ہو کر امامت نہیں کرا سکتی۔ بلکہ امامت کے وقت عورتوں کی صف میں کھڑی ہو گی اور اس کے جواز پردرج ذیل احادیث پیش خدمت ہیں:
۱۔ عَنْ أُمِّ وَرَقَةَ بِنْتِ عَبْدِ اللَّہِ بْنِ نَوْفَلٍ الْأَنْصَارِیَّةِ فَاسْتَأْذَنَتِ النَّبِیَّ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ أَنْ تَتَّخِذَ فِی دَارِہَا مُؤَذِّنًا، فَأَذِنَ لَہَا، وَجَعَلَ لَہَا مُؤَذِّنًا یُؤَذِّنُ لَہَا، وَأَمَرَہَا أَنْ تَؤُمَّ أَہْلَ دَارِہَا، قَالَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ: فَأَنَا رَأَیْتُ مُؤَذِّنَہَا شَیْخًا کَبِیرًا۔ (ابو داؤد مع عون المعبود: باب امامة النساء ابو داؤد مع عون المعبود ج۱ص۲۳۰)
’’حضرت ام ورقہ بن نوفل رضی اللہ عنہا حافظہ قرآن تھی، انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اجازت مانگی کہ وہ اپنے گھر میں مؤذن رکھ لے تو آپ نے اس کو مؤذن رکھ لینے کی اجازت عنایت فرما دی اور دوسری روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے لیے ایک مؤذن مقرر کر دیا جو اذان دیتا تھا اور آپ نے اس بی بی کو اپنے گھر والوں کی امامت کرانے کا حکم دیا، ان کا یہ مؤذن بوڑھا شخص تھا۔‘‘
اس حدیث کے دو راوی ولید بن عبداللہ بن جمیع اور عبدالرحمان بن خلاد متکلم فیہ ہیں، مگر امام ابن حبان نے ان دونوں کو ثقہ راوی قرار دیا ہے۔ علاوہ ازیں ولید بن عبداللہ صحیح مسلم کا راوی ہے۔ علامہ عینی نے اس حدیث کو صحیح کہا ہے۔
قلت ذکرھما ابن حبان فی الثقات، قال العینی فی شرح الھدایة فالحدیث اذا صحیح۔ (التعلیق المغنی: ج۱ص۴۰۴)
2-عَنْ رَیْطَةَ الْحَنَفِیَّةِ , قَالَتْ: «أَمَّتْنَا عَائِشَةُ فَقَامَتْ بَیْنَہُنَّ فِی الصَّلَاةِ الْمَکْتُوبَةِ» (الدار قطنی: باب صلوة النساء جماعة وموقف امامھن ج۱ص۴۰۳)
’’بی بی ریطہ حنفیہ کہتی ہیں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے ہم کو فرض نماز پڑھائی اور ہمارے درمیان کھڑی ہوئی تھیں۔‘‘
۳- مصنف عبدالرزاق میں یہ حدیث اس طرح ہے:
أَنَّ عَائِشَةَ «أَمَّتْہُنَّ وَقَامَتْ بَیْنَہُنَّ فِی صَلَاةٍ مَکْتُوبَةٍ»
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے عورتوں کی امامت کرائی اور ان کے درمیان کھڑے ہوکر فرض نماز پڑھائی۔ وقال الامام شمس الحق قال النووی فی الخلاصہ سندہ صحیح۔
۴-مصنف ابن ابی شیبہ میں یہ حدیث ان الفاط میں ہے:
عَنْ عَطَاءٍ، عَنْ عَائِشَةَ، أَنَّہَا کَانَتْ تَؤُمُّ النِّسَاءَ تَقُومُ مَعَہُنَّ فِی الصَّفِّ۔ (التعلیق المغنی ج۱ص۴۰۵)
’’عطاء تابعی سے روایت ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ وہ عورتوں کی امامت کراتی تھیں اور صف کے اندر کھڑی ہوا کرتی تھی۔‘‘ ورواہ الحاکم أیضا من طریق ابن أبی یعلی۔ (تلخیص الحبیر: ۲ص۴۲)
5- عَنْ عَمَّارٍ الدُّہْنِیِّ , عَنْ حُجَیْرَةَ بِنْتِ حُصَیْنٍ , قَالَتْ: «أَمَّتْنَا أُمُّ سَلَمَةَ فِی صَلَاةِ الْعَصْرِ فَقَامَتْ بَیْنَنَا» . حَدِیثٌ رَوَاہُ الْحَجَّاجُ بْنُ أَرْطَأَةَ , عَنْ قَتَادَةَ فَوَہِمَ فِیہِ , وَخَالَفَہُ الْحُفَّاظُ شُعْبَةُ , وَسَعِیدٌ وَغَیْرُہُمَا (الدار قطنی ج۱ص۴۰۵)
’’حجیرہ بنت حصین کہتی ہیں کہ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے ہم عورتوں کو عصر کی نماز پڑھائی، پس کھڑی ہوئیں ہمارے درمیان۔‘‘ حجاج بن ارطاۃ راوی کی وجہ سے یہ حدیث ضعیف ہے مگر امام ابن حجرفرماتے ہیں:
أَخْبَرَنَا الشَّافِعِیُّ رَضِیَ اللَّہُ عَنْہُ، قَالَ: أَخْبَرَنَا ابْنُ عُیَیْنَةَ، عَنْ عَمَّارٍ الدُّہْنِیِّ، عَنِ امْرَأَةٍ مِنْ قَوْمِہِ، یُقَالُ لَہَا: حُجَیْرَةُ، عَنْ أُمِّ سَلَمَةَ أَنَّہَا أَمَّتْہُنَّ فَقَامَتْ وَسَطًا. ولفظ عبدالرزاق أمتنا أم سلمة فی صلاة العصر فقامت بیننا۔ (تلخیص الخبیر: ج۲ص۴۲)
وقال النووی سندہ صحیح واخرج ابن ابی شیبة عن عَلِیُّ بْنُ مُسْہِرٍ، عَنْ سَعِیدٍ، عَنْ قَتَادة، عَنْ أُمِّ الْحَسَنِ، أَنَّہَا رَأَتْ أُمَّ سَلَمة زَوْجَ النَّبِیِّ صَلَّی اللہُ عَلَیْہ وَسَلَّمَ: تَؤُمُّ النِّسَاءَ تَقُومُ مَعَہُنَّ فِی صَفِّہِنَّ (التعلیق المغنی: ج۱ص۴۰۵)
’’بی بی ام الحسن کہتی ہیں کہ میں نے ام سلمہ کو عورتوں کی امامت کراتے ہوئے دیکھا ہے، وہ عورتوں کی صف میں کھڑی ہو کر امامت کراتی تھیں۔‘‘
6۔ أخرج عبدالرزاق فی مصنفہ اخبرنا ابراھیم ابن محمد عن داؤد ابن الحصین عن عکرمة عن ابن عباس قال تؤم المرأة النساء تقوم وسطھن۔ (التعلیق المغنی: ج۱ص۴۰۴)
’’حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا کہ عورت عورتوں کی امامت کرائے اور ان کے درمیان کھڑی ہوا کرے۔‘‘
۸۔ شراح حدیث کی فیصلہ کن رائے:
امام محمد بن اسماعیل الیمانی فرماتے ہیں: والحدیث (حدیث ام ورقۃ) دلیل علی صحیحة إمامة المرأة أھل دارھا وإن کان فیھم الرجل۔ (سبل السلام:ج۲ص۲)
کہ ام ورقہ والی حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ عورت اپنے گھر والوں کی امامت کرا سکتی ہے، خواہ ان میں آدمی بھی ہو۔
عورت کی امامت جائزمگر حکمرانی ناجائز
۱- امام شمس الحق فیصلہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں:
ثبت من ھذا الحدیث أن إمامة النساء وجماعتھن صحیحۃ ثابتة من أمر رسول اللہصلی اللہ علیہ وسلم۔ (عون المعبود: ج۱ص۲۳۰)
’’عورتوں کا آپس میں امامت کرنا اور جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کے مطابق بالکل صحیح اور ثابت شدہ حقیقت ہے۔‘‘
نیز اپنی دوسری کتاب میں فرماتے ہیں:
وھذا الروایات کلھا تدل علی استحباب إمامة المرأۃ للنساء فی الفرائض والنوافل وھذا ھو الحق وبہ یقول الشافعی والاوزاعی والثوری واحمد وابو حنیفة وجماعة رحمھم اللہ۔ (فتاوی علماء حدیث: ج۲ص۱۸۷)
’’یہ تمام حدیثیں دلیل ہیں کہ ایک عورت کا امام بن کر دوسری عورتوں کو فرضی اور نفلی نمازیں باجماعت پڑھانا مستحب امرہے۔ امام شافعی، امام اوزاعی، امام سفیان ثوری، امام احمد، امام ابوحنیفہ اور علماء کی ایک جماعت کا یہی قول اور فتویٰ ہے۔
۳- امام عبدالجبار غزنوی کا فتویٰ: آپ ایسے ہی ایک سوال کے جواب میں رقم طراز ہیں کہ مطلق امامت اور جماعت کرانا عورتوں کو منع نہیں۔ عورتوں کے واسطے عورت کی امامت جائز ہے، مگر آگے کھڑی ہو کر نہ ہووے سب کے بیچ کھڑی ہووے۔ (التعلیق المغنی: ج۱ص۴۰۵)
۴- السید محمد سابق مصری (محقق دور حاضر) إستحباب إمامۃ المرأۃ النساء کے تحت لکھتے ہیں کہ فرض نماز کے لیے کسی عورت کی امامت مستحب ہے کیونکہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا عورتوں کی صف میں کھڑی ہو کر ان کی امامت کرایا کرتی تھیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خو ام ورقہ کے لیے مؤذن مقرر کیا تھا اور اس کو اپنے گھر والوں کی امامت کا حکم دیا تھا۔ (فقہ السنۃ: ج۱ص۲۰۰)
۵- مولانا خلیل احمد سہارنپوری کے مطابق علامہ کمال ابن ہمام کا بھی یہی فتویٰ ہے کہ عورت کی امامت جائز ہے۔ (بذل المجھود: ج۱ص۳۳۱)
فیصلہ:
مندرجہ بالاسات روایت بحیثیت مجموعی اس مسئلہ میں مضبوط ترین دلیل اور فیصلہ کن کہ ایک عورت دوسری عورت کی صف کے درمیان کھڑی ہوکر فرائض اور نوافل میں ان کی امامت کراسکتی ہے اور اس کی امامت بلاشبہ صحیح اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کے مطابق عین سنت ہے۔ اس سنت کو کسی فرضی مجبوری پر محمول کرنا یا اس کو منسوخ خیال کرنا سراسر غلط اور سنت کے خلاف ہے۔ غرضیکہ یہ سنت کل بھی جاری تھی اور آج بھی جاری ہے اور جاری رہے گی۔ ھذا ما عندی واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
جواب نمبر۲: عورت اپنی فطرت اور جبلت کے لحاظ سے نہ تویہ حکومت کرنے کے لیے پیدا کی گئی ہے اور نہ حکومت اس کے بس کا روگ ہے۔ یہ تو بس بچوں کی تولید وتربیت اور گھر کی زیب وزینت کے لیے پیدا ہوئی ہے۔ اس کا حاکم بن جانا اس کی فطرت کے عین خلاف ہے۔ جو کسی ملک وقوم کے حق میں نیک فال نہیں ہوسکتا، چنانچہ جب ایرانیوں نے پوران دخت نامی عورت کو اپنا حکمران بنالیا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے اس فیصلہ پر تعجب کرتے ہوئے فرمایا:
((لَنْ یُّفْلِحَ قَوْمٌ وَّلَّوْا أَمَرَھُمْ إِمْرَأةُ)) (صحیح البخاری کتاب النبی صلی اللہ علیہ وسلم الی کسری وقیصر ج۲ص۶۳۷)
’’ہرگز نہیں فلاح پائے گی وہ قوم جس نے عورت کو اپنا حکمران بنالیا۔‘‘
تاریخ گواہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس پیش گوئی کے تھوڑے عرصہ بعد کسری کی صدیوں پرانی مستحکم ترین سلطنت ہمیشہ ہمیشہ کے لیے قصہ پارینہ بن کر رہ گئی۔ مگر عورت کی حکمرانی کی نفی سے نماز میں اس کی امامت کی نفی کرنا کسی طرح صحیح نہیں۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب
فتاویٰ محمدیہ
ج1ص414