کتاب: حقوق نسواں اور حقوق مرداں - صفحہ 210
8۔ خاوند کی خدمت و اطاعت کی اہمیت و تاکید
خاوند کی خدمت و اطاعت کی اسلام میں کتنی اہمیت اور تاکید ہے، اس کااندازہ ذیل کی چند احادیث سے لگایا جا سکتا ہے۔
ایک حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’اگر میں کسی کو کسی کے لیے سجدہ کرنے کا حکم دیتا تو یقیناً عورت کو حکم دیتا کہ وہ اپنے خاوند کو سجدہ کیا کرے۔ ‘‘ [1]
دوسری حدیث میں فرمایا:
’’عورت خاوند کی موجودگی میں اس کی اجازت کے بغیر (نفلی) روزہ نہ رکھے۔ ‘‘ [2]
9۔ خاوند جب بھی بیوی کو بلائے، بلا تاخیر اس کی خواہش پوری کرے
ایک اور حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’قسم اس ذات کی جس کے ہاتھ میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جان ہے، عورت اپنے رب کا حق اس وقت تک ادا نہیں کر سکتی جب تک کہ وہ اپنے خاوند کا حق ادا نہیں کرتی، اگر خاوند اس سے اپنی (ہم بستری کی) خواہش کا اظہار کرے جب کہ وہ اونٹ کے کجاوے پر بیٹھی ہو (پا رکاب ہو، کہیں جانے کے لیے گاڑی وغیرہ میں بیٹھی ہو) تب بھی اسے اس کی خواہش پوری کرنے سے انکار نہیں کرنا چاہیے۔ ‘‘ [3]
[1] جامع الترمذي: أبواب الرضاع عن رسول اللّٰه صلى اللّٰه عليه وسلم، باب ماجاء في حق الزوج على المرأة، حدیث: 1159
[2] صحیح مسلم: كتاب الزكاة، باب ما أنفق العبد من مال مولاه، حدیث: 1026
[3] سنن ابن ماجہ: كتاب النكاح، باب حق الزوج على المرأة، حدیث: 1853