کتاب: حقوق نسواں اور حقوق مرداں - صفحہ 190
مشترکہ حقوق
وہ حقوق جن کی ادائیگی میاں بیوی دونوں کے لیے ضروری ہے
اب ملاحظہ فرمائیں شوہر کے وہ حقوق جو عورت کے ذمے ہیں، یعنی جن کا ادا کرنا عورت کے فرائض میں داخل ہے۔ لیکن اس سے پہلے چند وہ حقوق بیان کیے جاتے ہیں جو مرد و عورت کے درمیان مشترک ہیں یعنی دونوں ہی کو ان کی پاسداری کرنی ہوتی ہے۔ مثلاً
1۔ پہلے یہ حدیث گزر چکی ہے کہ جس میں مرد کو عورت کے ساتھ گزارا کرنے کے لیے یہ گُر بتلایا گیا تھا کہ اس کی اگر ایک بات ناپسندیدہ ہوگی تو کچھ دوسری باتیں پسندیدہ بھی ہوں گی۔ مطلب اس حدیث کا یہ ہے کہ کمزوریوں اور کوتاہیوں کو نظر انداز کرکے اگر خوبیوں پر نظر رکھی جائے تو پھر نباہ آسان ہوجاتا ہے۔ حدیث میں یہ بات اگرچہ عورت کے حوالے سے بیان ہوئی ہے اور مخاطب مرد ہیں۔ لیکن اگر عورت بھی اس پر عمل کرے اور خاوند کی کوتاہیوں کو نظر انداز کرکے اس کی خوبیوں پر نظر رکھے تو اس کے لیے بھی مرد کے ساتھ نباہ آسان ہوجائے گا، یعنی یہ نسخۂ نبوی یا نباہ کرنے کا گر دونوں (میاں بیوی) کے لیے نہایت مفید اور کار آمد ہے۔ کاش مسلمان گھرانے اس پر عمل کر سکیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
﴿وَعَسٰٓى اَنْ تُحِبُّوْا شَئًْا وَّھُوَ شَرٌّ لَّكُمْ ﴾ [البقرۃ216]
’’ تم کسی چیز کو اچھی سمجھو، حالانکہ وہ تمہارے لئے بری ہو ‘‘