کتاب: حقوق نسواں اور حقوق مرداں - صفحہ 109
حسن معاشرت کے لیے چند رہنما اصول
عورت کے ساتھ حسن معاشرت کی جو تاکید ہے، وہ پچھلے صفحات میں آپ نے پڑھ لی، مناسب معلوم ہوتا ہے کہ موضوع کی اہمیت کے پیش نظر وہ رہنما اصول بھی بیان کردیے جائیں جن پر عمل کرنے سے حسن معاشرت کا اہتمام آسانی سے ہوسکتا ہے اور اس کے تقاضے پورے کیے جا سکتے ہیں۔ یہ رہنما اصول حسب ذیل ہیں، یہ دراصل مرد کے ذمے وہ حقوق ہیں جو اس پر عورت کی طرف سے عائد ہوتے ہیں، ان حقوق کی پوری رعایت اورادائیگی سے حسن معاشرت کے تقاضے پورے ہوجاتے ہیں۔
لیجیے! ملاحظہ فرمائیے۔
1۔ حق مہر کی ادائیگی
سب سے پہلا اصول یہ ہے کہ پوری خوش دلی سے حق مہر ادا کیا جائے، اس میں قطعاً نہ کوتاہی کی جائے اور نہ اس میں بلا وجہ تاخیر۔ تاہم عورت رضا مندی سے اپنا یہ حق مہر معاف کردے تو بات اور ہے، عورت ایسا کر سکتی ہے لیکن بلا جبر و اکراہ، اپنی رضا مندی سے۔ اگر عورت یہ ایثار کرے تو مرد سے یہ ذمے داری ساقط ہوجائے گی۔
﴿وَآتُوا النِّسَاءَ صَدُقَاتِهِنَّ نِحْلَةً فَإِنْ طِبْنَ لَكُمْ عَنْ شَيْءٍ مِنْهُ نَفْسًا فَكُلُوهُ هَنِيئًا مَرِيئًا﴾[النساء4]
’’اور تم عورتوں کے حق مہر خوشی سے ادا کرو، اگر وہ خوشی سے اس میں سے کچھ معاف کردیں تو تم اسے رچتا پچتا کھا لو۔ ‘‘