کتاب: حجیت قراءات - صفحہ 13
تقدیم مفتی، شیخ الحدیث والتفسیر ابو النصر حافظ ثناء اللہ مدنی حفظہ اللہ تعالی تمام تعریفات اس اللہ کے لئے ہیں، جس نے امت مسلمہ کو روشن دلیل پر گامزن فرمایا ہے۔ جس کی رات اس کے دن کی مانند ہے۔ اس سے رو گردانی کرنے والا ہلاکت میں پڑنے والا ہے۔اللہ تعالی نے امت کے لئے ہدایت کا راستہ آسان اور منور فرما دیا ہے۔ خبردار وہ راستہ اللہ تعالی کی کتاب قرآن مجید اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت مبارکہ کا راستہ ہے۔ اما بعد! امت مسلمہ کی خصوصیات میں سے ایک اہم ترین خصوصیت’ ’اسناد‘‘ہے، جس کے ذریعے اس نے قرآن مجید اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو حاصل کیا ہے۔اگر یہ نہ ہوتی تو ہر کوئی شخص جو جی میں آتا، کہہ دیتا۔قرآن مجید اپنے ثبوت کے اعتبار سے سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے اعلی درجے پر فائز ہے، کیونکہ یہ بالمشافہ حاصل کیا جاتا ہے اور تواتر سے ثابت ہوتا ہے۔تمام محقق اہل علم کا اس پر اجماع ہے۔ قرآن مجید سے مراد وہ متن ہے، جسے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے دوران تدوین دو گتوں کے درمیان جمع فرمایا ہے۔ یہ کامل واکمل ہے اور اس میں کوئی نقص نہیں ہے ۔ جو اس کا انکار کرتا ہے وہ کافر ہے۔ارشاد باری تعالی ہے: ﴿اِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّکْرَ وَ اِنَّا لَہٗ لَحٰفِظُوْنَ﴾ (الحجر:۹) ’’ہم نے اس ذکر کو نازل فرمایا ہے اور ہم ہی اس کے محافظ ہیں۔‘‘ چونکہ اس کتاب مبین کے محافظ خود اللہ تعالی ہیں، چنانچہ دیگر کتب سماویہ کی مانند اس میں تحریف وتغییر اور کمی وبیشی نہیں ہو سکتی ہے۔