کتاب: حجیت حدیث(شیخ البانی) - صفحہ 11
ادا کردیا۔ سر زمین ِ شام کے ڈاکٹر مصطفیٰ سباعی مرحوم نے“السنة وَمکانتھافی التشریع الاسلامی“کے نام سے اس موضوع پر سب سےزور دارکتاب لکھی میرے خیال میں زبان میں اس موضوع پر جو کتب لکھی گئی یہ کتاب ان سب سے زیادہ مدلّل اور دقیع ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر صبحی صالح کی علوم الحدیث ‘ محمد ابوزھوکی”الحدیث والمحدّثون“ عجّاج الخطیب کی ”السنة قبل عصر التدوین“اس موضوع پر نہایت اہم اور جامع کتب ہیں۔ جب مصر میں فتنہ انکار حدیث نے سر اٹھایا اور ابوریّہ منکر حدیث نے سنت نبوی کے خلاف زہر اگلا تو مصری علماء نے بروقت اس کا نوٹس لیااور ابو ریّہ کی تردید میں مستقل تصانیف تحریر کیں۔ احقر نے جب سے قلم سنبھالا اس موضوع کو کبھی نظر سےا وجھل نہیں ہونے دیا۔ ترجمہ وتالیف کے لیے قصداً وہ کتب منتخب کیں جو عربی زبان میں حدیث نبوی کی تائید وحمایت میں لکھی گئی تھیں۔ مثلاً ڈاکٹر سباعی، ڈاکٹر صبحی صالح اور پروفیسر محمد ابوزہو کی کتب کو اُردو کے قالب میں ڈھالا، منکرین حدیث نے خادمِ حدیث صحابی حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو خاص طور پر ہدف تنقید بنایا تھا۔ اس کاجواب دینے کے لیے احقر نے استاذ عجاج الخطیب کی کتاب ’’حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ “ کو اُردو کا جامہ پہنایا۔ اب ادارہ ناشرین قرآن اُردو بازار لاہور اس کو شائع کرنے کا شرف حاصل کررہا ہے۔ حافظ ابن قیم رحمہ اللہ علیہ اور ابن حزم رحمہ اللہ علیہ حدیث نبوی کے بارے میں جو نظریات رکھتے ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔ احقر نے بطور خاص ان دونوں آئمہ حدیث کے سِیر وسوانح پر مشتمل عربی کتب کو اُردو کے قالب میں ڈھالا۔ یہ سارا کام حدیثِ نبوی کی حجّیت واہمیّت واضح کرنے کے لیے کیا گیا۔
اب مجلس التحقیق الاسلامی کے زیر اہتمام یہ کتاب”حجیت حدیث“ شائع کی جارہی ہے اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مجلس کو اپنے نیک مقاصد کی طرف پیشِ رفت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ واٰخر دعواناان الحمد للہ رب العلمین۔
غلام احمد حریری
شعبہ اسلامیات۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد