کتاب: ہدایت کا نور اور ظلمات کے اندھیرے - صفحہ 534
5- دعا کی آفتیں:دعاکی ان آفتوں میں سے جو دعاؤں کے اثرات مرتب ہونے سے مانع ہوتی ہیں یہ(بھی)ہے کہ بندہ جلدی مچائے اور قبولیت میں تاخیر محسوس کرنے لگے اور ناامید ہوکر(حسرت کرتے ہوئے)دعا کرنا ترک کردے‘ ایسے شخص کی مثال اس آدمی جیسی ہے جوکوئی بیج بوئے یا پودا لگائے اور اس کی خوب دیکھ ریکھ اور اس کی آبیاری کرے،اور پھر اس کے پختہ ہونے اور درجۂ کمال تک پہنچنے میں تاخیر محسوس کرکے اسے ترک کردے اور اسے یونہی ضائع و برباد کردے[1]۔
6- دعاء کی قبولیت کے اوقات بہت ہی اہم ہیں‘ دعا کرنے والے کو چاہئے کہ اپنی دعا کے لئے ان اوقات کا اہتمام کرے‘ دعا کی قبولیت کے کچھ اہم اوقات یہ ہیں:
رات کا آخری تہائی حصہ ‘ اذان کے وقت‘ اذان اور اقامت کے درمیان‘ فرض نمازوں کے بعد‘ جمعہ کے روز امام کے منبر پر چڑھنے سے لے کر نماز جمعہ کے ختم ہونے تک اورجمعہ کے روز عصر کے بعد کی ساعت‘ چنانچہ اگر ان اوقات میں دل حاضر ہوگا‘ اور رب سبحانہ و تعالیٰ کے حضور خشوع و خضوع‘ تواضع و انکساری‘ ذلت‘ گریہ و زاری اور رقت قلبی پائی جائے گی‘ دعاکرنے والا قبلہ رو اور حالت طہارت میں ہوگا‘ اللہ کی طرف اپنے دونوں ہاتھوں کو اٹھائے گا‘ پہلے اللہ کی حمد و ثناء اور پھر اللہ کے بندہ و رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام پڑھے گا اور اپنی ضرورت پیش کرنے سے قبل توبہ واستغفار کرے گا‘ پھر اللہ کی طرف متوجہ ہوکرالحاح و زاری سے سوال کرے گا‘ اور اللہ کے اسماء و صفات اور اس کی توحید کا وسیلہ قائم کرے گانیز اپنی دعاء سے پہلے صدقہ کرے گا تو یہ دعا کسی بھی صورت میں رد نہیں ہوسکتی[2]۔
7- وہ اہم ترین امور جن کا بندہ اپنے رب سے سوال کرتا ہے:
اس میں کوئی شک نہیں کہ بندہ کو اللہ سے اپنے دین و دنیا کے معاملات میں ہر اس امر کا سوال کرنا چاہئے جس کی اسے ضرورت ہو‘ کیونکہ تمام خزانے اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہی کے ہاتھ میں ہیں،اللہ عزوجل جسے عطا کرنا چاہے اسے کوئی روکنے والا نہیں‘ اور جسے نہ دینا چاہے اسے کوئی عطا کرنے والا نہیں‘ نیز اللہ کو یہ چیز بہت محبوب ہے کہ اس سے سوال کیا جائے‘ لہٰذا بندہ کو چاہئے کہ اپنی ضرورت کی ہر چیز حتیٰ کہ اپنے جوتے کا تسمہ بھی اللہ ہی
[1] دیکھئے:الجواب الکافی،لابن القیم،ص 26،وشروط الدعاء و موانع الاجابہ،ازمولف کتاب،ص 39۔
[2] دیکھئے:الجواب الکافی،لابن القیم،ص 27،28،وشروط الدعاء و موانع الاجابہ،از مولف کتاب،ص 45 تا 91۔