کتاب: ہدایت کا نور اور ظلمات کے اندھیرے - صفحہ 10
بنائے اور شرف قبولیت سے نوازے،آمین۔
راقم کی یہ بارہویں طالبعلمانہ کاوش ہے جو اللہ کی توفیق سے زیور طبع سے آراستہ ہورہی ہے ‘ میں سب سے پہلے اپنے اللہ ذوالجلال کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس کی توفیق اورمدد سے کتاب کا ترجمہ پایۂ تکمیل کو پہنچا،اس کے بعد اپنے والدین بزرگوار کا شکر ادا کرتا ہوں جن کی انتھک تعلیمی وتربیتی کوششوں کی بدولت دین اسلام کی ادنیٰ سی خدمت کا شرف حاصل ہوا،اللہ تعالیٰ انہیں دنیا وعقبیٰ کی بھلائیوں سے نوازے اور اسے ان کے لئے صدقۂ جاریہ بنائے،اسی طرح اپنی اہلیہ‘ اہل خانہ نیز اساتذۂ کرام اورجملہ معاونین کا شکر ادا کرتا ہوں،اللہ تعالیٰ ان سب کوجزائے خیر سے نوازے۔(آمین)
بعدہ فاضل برادران شیخ ابو المکرم بن عبد الجلیل رحمہ اللہ [1] اور شیخ عبد الہادی عبد الخالق مدنی حفظہ اللہ(داعیہ ومترجم مکتب توعیۃ الجالیات بالاحسائ)کا شکریہ ادا کرنا اپنا فرض سمجھتا ہوں جنھوں نے اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود انتہائی شرح صدر کے ساتھ کتاب پر نظر ثانی کی اور تصحیح فرمائی اور حسب ضرورت مفید مشوروں سے نوازا،فجزاہما اللّٰه عنی خیرالجزائ۔
یہاں اس بات کی وضاحت مناسب ہے کہ کتاب کے سات مباحث میں سے پانچ پر نظر ثانی شیخ ابو المکرم رحمہ اللہ نے کی ہے اور(اول وآخر)دومباحث پر نظر ثانی شیخ عبد الہادی مدنی حفظہ اللہ نے،سر ورق پر شیخ ابوالمکرم رحمہ اللہ کا نام تغلیباً رکھاگیا ہے،میں دونوں احباب کا تہہ دل سے ممنون ومشکور ہوں۔
اللہ عزوجل سے دعا ہے کہ اس کتاب کے ذریعہ اردو داں حلقہ کو فائدہ پہنچائے نیزاس کے مؤلف،مترجم،مصحح‘ ناشراور جملہ معاونین کو اخلاص قول وعمل کی توفیق عطافرمائے۔(آمین)
وصلی اللّٰه وسلم علی نبینا محمد وعلی آلہ وصحبہ أجمعین۔
مدینہ طیبہ: ابو عبد اللہ/عنایت اللہ بن حفیظ اللہ سنابلی
6/شوال بروزمنگل برائے رابطہ:0508672859
[1] فاضل بھائی مخلص دوست شیخ ابو المکرم عبد الجلیل رحمہ اللہ مورخہ 10/12/1425 ھ کو وفات پاگئے،إنا للّٰه وإناإلیہ راجعون۔موصوف ایک تقویٰ شعار،متحمل مزاج،سنجیدہ فکر،ملنسار،علم دوست اور ہر دل عزیز انسان تھے،آپ دعوت کتاب وسنت کے ایک باغیرت اور فعال رکن تھے،آپ کی دینی اور دعوتی سرگرمیوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آپ کی تالیفات وترجمات کی تعداد پچاس سے متجاوز ہے،دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کی علمی ودعوتی کوششوں کو آپ کے نامۂ اعمال صالحہ کا حصہ بنائے اور آپ کی خطاؤں کو معاف فرماکر اپنی بے پایاں رحمتوں سے جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے ‘آمین۔(مترجم)